دین اسلام کرہ ارض پر موجود ہر فرد کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے: احمد نواز انجم

آج انسانیت میں محبت بانٹنے کی ضرورت ہے، نفرت و انتہا پسندی کو ختم کرنا ہو گا
تحریک منہاج القرآن نے انسانیت کے احترام کو اپنی دعوت کی اساس قرار دے رکھا ہے
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کی غیر مسلم مذہبی رہنماؤں سے گفتگو

لاہور (23 جولائی 2016) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم نے کہا ہے کہ دین اسلام نے انسانیت کو ایسا احترام دیا ہے جو کرہ ارض پر موجود ہر فرد کے حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انفرادی اور اجتماعی طور پر مختلف معاشروں کو فرائض کی ادائیگی کا پابند بناتا ہے۔ انسانیت کے احترام کو معاشرے کیلئے لازمی قرار دے کر اسلام نے بچوں سے لے کر بوڑھوں حتی کہ اس دار فانی سے کوچ کر جانے والوں کے حقوق کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا ہے۔ ظلم، استحصال اور جبر کا صدیوں تک شکار رہنے والی عورت کو حقوق، تحفظ اور احترام دے کر اسلام نے اسے معاشرے کا ایسا فرد قرار دیا ہے جس کے حقوق کسی طرح بھی مردوں سے کم نہیں ہے اس لیے یہ کہنے میں کسی مسلمان کو تامل نہیں ہونا چاہیے کہ دین اسلام کی تعلیمات تکریم انسانیت کیلئے ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں غیر مسلم مذہبی رہنماؤں کے وفد سے ملاقات میں گفتگوکررہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا، رفیق نجم، شہزاد رسول، حافظ غلام فرید اور دیگر بھی موجود تھے۔

احمد نواز انجم نے کہا کہ آج انسانیت میں محبت بانٹنے کی ضرورت ہے۔ نفرت و انتہا پسندی کو ختم کرنا ہو گا۔ دین اسلام نے انسانیت کے احترام کو زندگی کے ہر گوشے میں اولیت دی ہے۔ مذہبی طبقے کے کردار سے انسانیت کیلئے خیر اور محبت پھوٹنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے انسانیت کے احترام کو اپنی دعوت کی اساس قرار دے رکھا ہے اور اس سے وابستہ ہر شخص کی تربیت اس انداز سے کی گئی ہے کہ اس کے قول و فعل سے کسی کو انفرادی و اجتماعی سطح پر کوئی تکلیف نہ پہنچے۔ تحریک منہاج القرآن کو دنیا میں کامیابی اس لیے ملی ہے کہ اس نے انسانیت کو محبت اور امن دینے کیلئے جدوجہد کی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top