فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک کا قصاص مارچ اور دھرنا

مورخہ: 06 اگست 2016ء

پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد نے 6 اگست 2016 کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور قصاص کے لئے احتجاجی مارچ کیا جس کے اختتام پر علامتی دھرنا دیا گیا۔ قصاص مار چ ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا چوک گھنٹہ گھر پر اختتام پذیر ہوا۔ مارچ کی قیادت پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چوہدری بشارت جسپال نے کی، جبکہ مارچ میں تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے امیر سید ہدایت رسول قادری، پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد کے صدر رانا طاہر سلیم خان، جنرل سیکرٹری میاں کاشف محمود، رانا رب نواز انجم، مرکزی جنرل سیکرٹری ایم ایس ایم رانا تجمل حسین، حاجی امین القادری، علامہ عزیزالحسن اعوان، چوہدری ناصر حبیب ایڈووکیٹ، شاہد سلیم، رانا ناصر نوید، پاکستان تحریک انصاف کے شیخ خرم شہزاد، فیض اللہ کمو کا، پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر طارق محمود باجوہ، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حسن رضا، مسلم لیگ قائداعظم کے ضلعی صدر رانا عظیم احمد خاں، مجلس وحدت مسلمین کے سید حسنین شیرازی، جماعت اسلامی کے عدنان محمود طارق سمیت ہزاروں کی تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قصاص مارچ سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور ملکی خزانہ لوٹنے والے کرپٹ حکمرانوں کا اقتدار ختم ہونے والا ہے اور قانون کا بول بالا ہوگا۔ حکمرانوں نے اپنی فیملی اور غیر ملکی دوستوں کے وفود میرے پاس معافی کے لیے بھیجے، ہم نے دو ٹوک الفاظ میں قصاص کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا احتجاج مظلوموں کو انصاف دلوانے اور ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت کو خزانے میں جمع کروانے کے لیے ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو دو سال گزرجانے کے بعد انصاف ملا اور نہ ہی موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے اس کی توقع ہے۔ تحریک قصاص و احتساب حکمرانوں کے اقتدار کے ختم ہونے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے اسلام آباد دھرنے کے دوران سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر کٹوا کر مظلوموں کی دادرسی کی اور اب وہی ہمیں فوجی عدالتوں کے ذریعے انصاف دلائیں کیونکہ اس کے علاوہ ہمیں انصاف کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے اور موجودہ حکمران دہشت گردوں کے سرپرست ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن شریف برادران کی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top