نابینا افراد توجہ مانگتے ہیں مگر بد بخت حکمران انہیں دھکے دیتے ہیں، خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 11 اگست 2016ء

ڈاکٹر طاہرالقادری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری درخواست پر مفت کمپیوٹر کورس کروانے کا اہتمام کیا، طلباء
میاں عمران مسعود و دیگر رہنماؤں کا نابینا طلبہ کو مفت کمپیوٹر کورسسز کی تکمیل پر اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

لاہور (11 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام 30 نابینا طلبہ و طالبات کو مفت تعلیمی و کمپیوٹر شارٹ کورسسز کی تکمیل کے بعد اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد اپنے بہتر مستقبل حکومت کی توجہ مانگتے ہیں مگر یہ بد بخت حکمران ان پر لاٹھیاں مارتے ہیں۔ 30 نابینا بچوں نے مفت کمیوٹر کورسسز کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کو خط لکھا جس کی تعمیل ہوئی، الحمدللہ آج 30 بچے کورس مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے، تقریب کے مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود تھے جبکہ تقریب سے ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی، محمدثناء اللہ، فیاض وڑائچ، ساجد بھٹی، جواد حامد نے خطاب کیا اور کامیاب کورسسز پر نابینا افراد کو مبارکباد دی۔

میاں عمران مسعود نے کہاکہ میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی عالمگیر ویلفیئر کی جدوجہد کا ہمیشہ دل و جان سے معترف رہا ہوں، مجھے خوشی ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے نابینا افراد کو اعلیٰ تعلیم کے راستے پر ڈالا، جب سوسائٹی کسی دکھی کے سر پر ہاتھ رکھتی ہے تو اس کام میں اللہ کی مدد و نصرت بھی شامل ہو جاتی ہے، انہوں نے کہاکہ نابینا افراد ہمارے قومی جسم کا حصہ اور ہمارا فخر ہیں ان کی صلاحیتیں کسی سے کم نہیں۔ اس کارخیر کو جاری رہنا چاہیے، انہوں نے کورس کی تکمیل میں خصوصی دلچسپی لینے پر خرم نواز گنڈا پور کو بھی مبارکباد دی۔ 30 نابینا نوجوان طلباء و طالبات نے مفت کمپیوٹر کورس کروانے پر عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا شکریہ ادا کیا اور ان کی صحت، تندرستی کیلئے دعائیں کیں، انہوں نے کہاکہ جب ہم اپنے حق کیلئے حکمرانوں کے دروازے پر جاتے ہیں تو ہمیں دھکے دئیے جاتے ہیں ہمارے عزت نفس کو پامال کیا جاتا ہے، انہوں نے کہاکہ حکمرانوں سے درخواست ہے کہ وہ سپیشل افراد کو بھی پاکستانی معاشرے کا حصہ سمجھیں۔ طلباء و طالبات نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی حکام سے مفت کورس کی استدعا کی تھی جسے نہیں مانا گیا، علم حاصل کرنے کی خواہش کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے عملی جامہ پہنایا۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے 700 سکولز، درجنوں کالجز اور چارٹرڈ یونیورسٹی میں ایک لاکھ سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں جہاں وہ سستی اور بین الاقوامی معیار کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top