کامیاب شہرِ اعتکاف پر منہاج القرآن یورپ کے کارکنان کو ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی مبارکباد

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج یورپین کونسل کے عہدیداران کو بغداد ٹاؤن لاہور میں 50,000 (پچاس ہزار) لوگوں پر مشتمل حرمین شریفین کے بعد دنیا کی سب سے بڑی اعتکاف گاہ بسانے پر خصوصی مبارک باد دی۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بارسلونا سپین میں امیر منہاج یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری سے اپنی ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ منہاج القرآن کی یورپ میں موجود تنظیمات اور ان کے رفقاء اس بات پر صد بار مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے 50 ہزار معتفکین کے سحری و افطاری کے اخراجات اپنے ذمہ لئے۔ شیخ الاسلام نے یورپین کونسل کے اراکین کو بھی مبارک باد پیش کی جنہوں نے شہرِ اعتکاف کی مہم کو کامیاب کرنے کے لیے بہترین حکمت عملی ترتیب دی۔

منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری ، صدر سید ارشد شاہ، سیکرٹری جنرل علامہ اقبال اعظم، نائب صدر محمد نعیم چودھری، نائب ناظم نشرو اشاعت نوید احمد اندلسی اور دیگر عہدیداران نے بھی اپنے پیغامات میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی یورپی تنظیمات و کارکنان کو خصوصی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سال منہاج القرآن اٹلی کی تنظیمات نے معتفکین کے لیے سب سے زیادہ کام کیا جب کہ فرانس اور ناروے دوسرے نمبر پر رہے اس کے علاوہ سپین، ہالینڈ اور ڈنمارک سمیت یورپ کے دیگر ممالک کی تنظیمات نے بھی شہرِ اعتکاف کے انتظامات کے لیے بھرپور تعاون کیا۔

واضح رہے کہ تحریک منہاج القرآن کے تحت جامع المنہاج بغداد ٹاؤن لاہور میں حرمین شریفین کے بعد دنیا کا سب سے بڑا شہرِ اعتکاف بسایا جاتا ہے۔ اس سال دنیا بھر سے منہاج القرآن کے اعتکاف سٹی میں 50 ہزار لوگوں نے شرکت کی جن میں خواتین اور نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد شریک تھی۔ اس عظیم الشان شہرِ اعتکاف میں معتکفین کی سحری و افطاری پر آنے والے اخراجات منہاج القرآن کی یورپ میں موجود تنظیمات اپنے رفقاء و وابستگان کے تعاون سے پورا کرتی ہیں۔

نوید احمد اندلسی، نائب ناظم نشر و اشاعت
منہاج یورپین کونسل

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top