کلبھوشن کی گرفتاری پر وزیر اعظم سوگ کی حالت میں کیوں ہیں؟ ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 22 اگست 2016ء

بلوچستان پاکستان کی خوشحالی کا گیٹ وے، موجودہ حکمران سکیورٹی رسک ہیں
قومی سلامتی کے دشمن خاندان کو بے نقاب کیا، انجام تک بھی پہنچاؤں گا
سربراہ عوامی تحریک کی بلوچستان سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات اور گفتگو

لاہور (22 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے محب وطن عوام پاکستان کی خوشحالی، استحکام اور بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں۔ بلوچستان پاکستان کی خوشحالی کا گیٹ وے ہے۔ موجودہ سکیورٹی رسک حکمرانوں سے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی حدود کو خطرہ ہے۔ پاکستان کی سلامتی کے دشمن شریف خاندان کو بے نقاب کر دیا عوام سے مل کر انجام تک بھی پہنچاؤں گا، بلوچستان کے محب وطن عوام نواز حکومت کے غداروں کو اچھی طرح جان چکے۔ وزیر اعظم قومی سلامتی کے خلاف کام کرنیوالے جاسوس کلبھوشن کی گرفتاری پر سوگ کی حالت میں کیوں ہیں ؟پانامہ کے ڈاکو ملکی مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔ بلوچستان کے عوام کوئٹہ دہشتگردی پر دل گرفتہ ہیں اور وزیر اعظم نے اپنے غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے ہونٹ سی رکھے ہیں۔ بلوچستان سے متعلق وزیراعظم ’’اپنے یار‘‘ کی کھلی مداخلت پر خاموش کیوں ہیں؟۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ عوامی تحریک نے مرکز ی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک بلوچستان کے صدر حبیب اللہ چشتی کی قیادت میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے 100 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں محمد اسماعیل نور زئی، بختیار احمد بلوچ، سید سبحان شاہ، غلام رسول قادری، الہی بخش باروی، محمد سلیم خان، حافظ حامد ایڈووکیٹ، شازیہ بلوچ اور کوئٹہ، پشین لورا لائی، قلات، چاغی، خضدار و دیگر اضلاع سے آئے رہنماء شامل تھے۔ اس موقع پرچیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماء احمد نواز انجم، جی ایم ملک، قاضی فیض الاسلام، تنویر خان، جواد حامد اور بشیر خان لودھی بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ قدرتی وسائل سے مالامال بلوچستان کی پسماندگی میں موجودہ حکمرانوں نے اضافہ کیا۔ پہلے صرف غربت اور نا انصافی تھی اب دہشتگردی بھی ہے۔ بلوچ عوام مہمان نواز، رحم دل، دوست نواز اور محب وطن پاکستانی ہیں۔ حکمرانوں نے بلوچستان کو لا وارث صوبہ بنا دیا ہے۔ میرا دل بلوچیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، اکیلا بلوچستان سارے پاکستان کو پال سکتا ہے۔ 28اگست کو تحریک قصاص و سا لمیت پاکستان کے سلسلے میں کوئٹہ منان چوک میں احتجاجی مظاہرہ و دھرنا ہو گا۔ مظاہرے سے خطاب کروں گا اور بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل پر بھی بات کرونگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سانحہ کوئٹہ میں کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام چلنے والے فلاحی منصوبوں کا مرکز آئیندہ بلوچستان کے پسماندہ علاقہ جات ہوں گے، صاف پانی کی فراہمی، تعلیمی منصوبوں اور وسیلہ روزگار سکیم میں بلوچستان کے غریب بہن بھائیوں کو خصوصی توجہ دی جائے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top