فوج نے پاکستان کی بقاء کیلئے قابل فخر قربانیاں دیں: پاکستان عوامی تحریک

ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے عوامی تحریک کے وفدنے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں

لاہور (6 ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے عوامی تحریک کے وفد نے جنگ ستمبر کے شہید میجر شبیر شریف شہید اور باٹا پور شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ عوامی تحریک کے وفد میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل رضا، نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول اور میاں طاہر یعقوب شامل تھے۔ باٹاپور میں شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ پاکستان غازیوں اور شہداء کی سرزمین ہے اسے نقصان پہنچانے والے رسوا ہونگے۔ پاکستان کی بقاء کیلئے جانوں کی قربانیاں دینے کا جو سفر افواج پاکستان نے 1965 ء سے شروع کیا وہ آج بھی جاری ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں نے مادر وطن کیلئے بے مثال قربانیاں دیں۔ ان قربانیوں پر پوری قوم کو اپنی بہادر اور محب وطن افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اور پاکستان کو اندرونی، بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھنے کیلئے دہشت گردی اور کرپشن کے گڑھ جوڑ کو ہر حال میں توڑنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top