منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اجتماعی قربانی 2016

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت لاہور (مرکزی قربان گاہ) میں 15 سو سے زائد جانوروں کی قربانی دے کر سنت ابراہیمی کو ادا کیا گیا۔ گوشت ایک نظم کے تحت غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے مرکزی قربان میں مستحق افراد میں گوشت تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر بلاامتیاز رنگ و نسل، جنس و مذہب، خدمت انسانیت کیلئے کوشاں ہے۔ ملک بھر میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت 5 ہزار سے زائد جانور ذبح کیے گئے۔ لاہور میں بننے والی مرکزی قربان گاہ میں 15 سوسے زائد گائے، بکرے، چھترے اور دنبے ذبح کر کے ان کا گوشت غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا۔ مرکزی قربان گاہ میں حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے گوشت کو محفوظ کرنے کیلئے برف کا ایک وسیع فرش بنایا گیا تھا۔ جانور کے ذبح ہونے سے گوشت بنانے اوراسکی تقسیم کے تمام کاموں کیلئے شاندار انتظامات کیے گئے تھے۔

امجد شاہ نے بتایا کہ بڑے جانوروں میں حصہ ڈالنے والے افراد کو ان کا حصہ گھروں تک پہنچانے کیلئے درجنوں گاڑیوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ گاڑیوں میں بھی برف کے بلاکس رکھے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے تینوں روز کھانا پکا کر منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے رضا کار ہسپتالوں، جیلوں اور یتیم خانوں میں تقسیم کرتے رہے۔ امجد شاہ نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر نے مستحق افراد میں گوشت کی تقسیم حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات کی روشنی میں اپنا فریضہ سمجھتے ہوئے کیا ہے۔ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ ’’وہ شخص مومن نہیں ہو سکتا جو خود تو پیٹ بھر کر کھائے اور اس کا پڑوسی بھوکا سوئے‘‘۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے مزید کہا کہ قربانی کی کھالوں سے ہونے والی آمدن تعلیم، صحت اور دیگر فلاحی منصوبہ جات پر خرچ کی جائیگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top