مسئلہ کشمیر عالمی امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، پیس سنٹر میں مقررین کا خطاب

دنیا کا امن انسانی حقوق کے احترام میں ہے، ڈاکٹر جیمز چنن، سہیل رضا، سردار بشن سنگھ کا خطاب
عالمی یوم امن کے موقع پر سیمینار، مختلف مذاہب کے رہنماؤں اور نمائندگان کی بڑی تعداد میں شرکت

لاہور (20 ستمبر 2016) عالمی یوم امن کے موقع پر پیس سنٹر لاہور میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت آرچ بشپ لاہور سبیسٹین فرانسس نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا اور ڈاکٹر جیمز چنن تھے۔ یوم امن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مختلف مذاہب کے اہم رہنماؤں اور نمائندہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے کہاکہ اس وقت مسئلہ کشمیر عالمی امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے اس کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل نکالنا ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو ختم کیا جائے اور مذہبی عبادات پر پابندی کا خاتمہ کیا جائے۔ ہندوستان تمام اقلیتوں کے ساتھ ملکی و بین الاقوامی قوانین کے مطابق سلوک کرے۔ عالمی امن کے قیام کیلئے دنیا کے تمام مذاہب اور اقوام کو باہمی احترام اور ایک دوسرے کے وجود کو برداشت کرنے کے کلچر کو فروغ دینا ہو گا۔ اس وقت دنیا بد ترین دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے۔ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے عالم انسانیت کوامن کے یک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ تمام عالمی رہنماؤں کو باہمی رواداری کے فروغ اور عدم برداشت کے کلچر کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری عالمی سطح پر اقوام کے مابین تہذیبوں کے تصادم کو روکنے اور تکریم انسانیت کے فروغ ومذاہب عالم کے مابین رواداری اور ہم آہنگی کو عملی طور پر فروغ دے رہے ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا دنیا کے 90ممالک میں قائم منظم نیٹ ورک شب و روز امن عالم کیلئے عملی طور پر کوشاں ہیں۔

ڈاکٹر فادرجیمز چنن نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب تشدد اور بے گناہوں کی جان لینے کی تعلیم نہیں دیتا۔ سیاسی گروہی مفادات خون خرابے کی بڑی وجہ ہیں۔ دنیا کا امن انسانی حقوق کے احترام میں ہے۔

سکھ رہنماء سردار بشن سنگھ نے کہا کہ دہشتگردی و انتہا پسندی کے خلاف فکری، نظریاتی و عملی جدوجہد کرنے پر تحریک منہاج القرآن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

تقریب سے ڈاکٹر مرقس فدا، ڈاکٹر منوہر چاند، فادر پاسکل پولوس و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے امن کی فاختہ کو فضا میں اڑایا اور عالمی امن کے قیام کیلئے اجتماعی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top