محرم الحرام میں علماء اتفاق و اتحاد کے ذریعے فکر حسینی کو عام کریں: تحریک منہاج القرآن

واقعہ کربلا جابر اور ظالم حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کی تعلیم دیتا ہے: سردار شاکر مزاری
عوامی تحریک ملک میں ریاست مدینہ کے دستور کا عملی نفاذ چاہتی ہے، علماء ونگز سے گفتگو

لاہور (29 ستمبر 2016) تحریک منہاج کے نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری نے کہا ہے کہ ملک میں ریاست مدینہ کے دستور کا عملی نفاذ چاہتے ہیں۔ ریاست مدینہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عوامی فلاح وبہبود کا جو نظام قائم کیا تھا اس کی مثال دنیا کی تاریخ میں کہیں نظر نہیں آتی۔ قائد تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری عوامی، سماجی اور سیاسی انقلاب کے ذریعے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دیئے گئے نظام کو حقیقی روح کے ساتھ پاکستان میں نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ وہ نظام ہو گا جس کے نفاذ سے اسلامیان پاکستان کو باوقار مقام ملے گا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ریاست مدینہ میں قیام امن اور فلاح کا ایک ایسا نمونہ پیش کیا جس کو تمام مذاہب اور قبائل نے تسلیم کر کے امت واحد کی شکل اختیار کی۔ وہ مختلف مکاتب فکر کے نامور علماء کرام کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی، علامہ محمد حسین آزاد، علامہ ممتاز حسین صدیقی، علامہ رفیق رندھاوا، مفتی محمد جمیل، علامہ لطیف مدنی ودیگر بھی موجود تھے۔

سردار شاکر مزاری نے کہا کہ واقعہ کربلا جابر اور ظالم حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ علمائے کرام محرم الحرام میں امن اور اسلامی اخوت کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں۔ معاشرے میں برداشت اور رواداری کے کلچر کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ملک میں فرقہ واریت، انتہا پسندی، دہشتگردی، لسانی وگروہی تعصبات کا خاتمہ چاہتی ہے۔ منہاج القرآن علماء کونسل ڈاکٹر طاہرالقادری کی زیر سرپرستی ایک ایسا فورم ہے جو پاکستان بھر کے تمام علماء کرام کو اتحاد اور وحدت کی لڑی میں پرو کر ملک میں باہمی رواداری کا ماحول قائم کررہا ہے۔ ملک میں اتحاد و یگانگت کی دعوت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام تک لے جارہے ہیں تاکہ باہمی اتحاد اور اتفاق کے ذریعے علماء فکر حسینی کو عام کریں اور ظالمانہ نظام کے خاتمے کیلئے متحد ہو جائیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top