محرم الحرام عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے: صاحبزادہ فیض الرحمان درانی

ماہ محرم میں فرقہ واریت اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کر کے امن و تحمل کو فروغ دینا ہو گا
محرم میں سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ انکے رفقاء، خلیفہ دوم فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے شہادت دیکر حق و صداقت کا علم بلند کیا
جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

لاہور (30 ستمبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ ماہ محرم اپنی فضیلت، عظمت، حرمت اور برکت کے لحاظ سے انفرادی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے۔ اس لئے محرم الحرام کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہم سب نے نئے اسلامی سال کا خیر مقدم کرنا ہے۔ فرقہ واریت، دہشتگردی اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کر کے اتحاد، اتفاق امن و امان اور تحمل کو فروغ دینا ہے۔ یکم محرم الحرام کو خلیفہ ثانی حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ اور دس محرم کو امام عالی مقام سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کا یوم شہادت ہے۔ دونوں عظیم ہستیوں نے دین متین کے دامن کو مضبوطی سے تھاما اور حق و صداقت کا علم بلند کیا۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ اور نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ دونوں عظیم و مقدس ہستیوں نے بے دینی، بے حیائی، بد اخلاقی اور ظالموں سے کبھی صلح نہ کی، جس کے نتیجے میں شیطانی قوتوں کیلئے ان ہستیوں کا وجود نا قابل برداشت ہو گیا اور پھر یہ نفوس قدسیہ راہ حق پر قربان ہو کر ابدی زندگی کی سعادت سے بہرہ مند ہو گئے۔ انہوں نے کہاکہ ان شہدائے اسلام کی شہادت تاریخ اسلام کا ایک سنہری باب ہے جو اہل اسلام کیلئے باعث فخرہی نہیں قابل تقلید بھی ہے۔ محرم الحرام کا مہینہ ظالم و جابر حکمرانوں کے خلاف لڑنے، بد اخلاقی اور بد معاشی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم کی دسویں تاریخ جسے شب عاشورہ کہا جاتا ہے، بڑا ہی عظمت اور فضیلت والا دن ہے اس دن حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کے رفقاء نے میدان کربلا میں جام شہادت نوش فرما کر حق کے پرچم کو سربلند کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top