تحریک قصاص، کارکن دوسرے راؤنڈ کی تیاری شروع کر دیں: ڈاکٹر حسن محی الدین

پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن پر حکمرانوں کو جواب دینا پڑے گا، جدوجہد رائیگاں نہیں جائیگی
عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنماؤں کا عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے ماہانہ اجلاس سے خطاب

لاہور (یکم اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنماء چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن قصاص تحریک کے دوسرے راؤنڈ کی تیاری شروع کردیں جس کا اعلان جلد ہو گا۔ پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے حوالے سے حکمرانوں کو جواب دینا پڑے گا، یہ عوامی جدوجہد رائیگاں نہیں جائیگی۔ حکمرانوں کے خلاف مالی کرپشن کے کیسز کی تحقیقات کے حوالے سے نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر نے قوم کو بہت مایوس کیا۔ اداروں کو آزاد کرنے کی جدوجہد بھی ہماری قصاص و انصاف تحریک کا حصہ ہے۔ شریف برادران کو بتانا پڑے گا کہ لندن کے لگژری محلات کس پیسے سے خریدے گئے اور 17 جون 2014 کے دن حکمرانوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ پر حملہ کیوں کیا اور 14 بے گناہ کارکنوں کو کیوں قتل کروایا؟ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی یہ بھول ہے کہ وقت گزارنے کے ساتھ ساتھ حکمرانوں کے جرائم نظر انداز ہو جائینگے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ عیار اور مکار حکمرانوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کیلئے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو متحد کرینگے۔ موجودہ حکمرانوں نے تمام قومی اداروں کو یر غمال بنا رکھا ہے، اس سے بڑا ظلم اور کیا ہو گا کہ 2 سال سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کو انصاف نہیں ملا اور 6 ماہ سے پانامہ لیکس کے حوالے سے تحقیقات کا بھی آغاز نہیں ہو سکا۔

دریں اثناء ڈاکٹر حسن محی الدین نے عوامی تحریک لاہور کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کی بھی صدارت کی۔ انہوں نے ایگزیکٹو کونسل کے اراکین کو بتایا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس انسانی حقوق کے عالمی اداروں میں اٹھانے کے حوالے سے کیس تیار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں درخواست دی تھی کہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو استغاثہ کیس کا حصہ بنایا جائے مگر ہماری یہ درخواست مسترد کر دی گئی جس سے شہدا کے ورثا کو دلی دکھ پہنچا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top