امام حسین علیہ السلام نے انسانیت کو امن کا درس دیا: انجینئر رفیق نجم

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد پی پی 62 کا تربیتی اجلاس 10 اکتوبر 2016ء کو ہوا۔ مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے اجلاس سے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے انسانیت کو امن کا درس دیا، امن کے حقیقی قیام کے لیے قوم کو یزیدی نظام ظلم کے خلاف اٹھنا ہوگا۔ اس سے ملکی استحکام اور خوشحالی نصیب ہوں گی۔ امت مسلمہ اور پاکستانی قوم یزیدی رویوں کے خلاف جہد مسلسل سے ہی عظمت و رفعت سے ہمکنار ہو سکتی ہے۔ حسینیت کا درس سراپا قربانی بن کر یزیدی رویوں کے خلاف برسر پیکار رہنا اور انسانیت کو امن و سلامتی کا دائمی ماحول دینے کی جدوجہد کرتے رہنا ہے۔ امام حسین علیہ السلام کی حکمرانی انسانیت کے دلوں پر ہے جو ظلم و جبر اور آمریت کے خلاف اٹھنے کا شعور دیتی ہے۔

اجلاس میں خالد رفیق، غلام محمد قادری، رانا کرامت علی، میاں ساجد حسین، ملک غلام شبیر، حافظ سرفراز احمد، احمد کرامت اور ضلعی ناظم حافظ رب نوازانجم نے بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کے ریگزاروں سے حسینیت کے شعورکا جو پودا پھوٹا وہ قیامت تک پوری انسانیت کو دائمی امن، سلامتی، جمہوریت اور انصاف کی چھاوں دیتا رہے گا۔ شہدائے

کربلا نے جو شعور دیا وہ حق کا استعارہ بن کر انسانیت کا سر فخر سے بلند رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ دین کی مٹتی قدروں کو بچانے کیلئے امام حسین علیہ السلام پرامن جدوجہد کیلئے نکلے۔ امام عالی مقام کی شہادت نے ثابت کر دیا کہ دین کا نظم سب سے بڑھ کر ہے۔ جگر گوشہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت سیدہ فاطمۃ الزہرہ اور امام حسن و حسین علیھم السلام جنت کے مالک ہیں۔ ان مقدس ہستیوں سے بغض و عداوت رکھ کر کوئی جنت کی خوشبو بھی نہ سونگھ سکتا۔ آج بھی ظالم قوتیں اپنی تمام تر حشر سامانیوں کے ساتھ وحدت اسلامی کو پارہ پارہ کر نے کیلئے نئے نئے فتنوں کو جنم دے رہی ہیں۔ مسلکی اور فرقہ ورانہ بنیادوں پر مسلمانان عالم کو تقسیم کر کے تعصبات کی آگ میں جھونکا جا رہا ہے۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا، اس موقع پر ملکی ترقی و سلامتی اور بین المذاہب امن و روادری کی دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top