3 ستمبر راولپنڈی جلسہ میں کہا تھا نواز شریف فوج پر پنجاب پولیس کی طرح کنٹرول چاہتے ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

وزیر اعظم ہاؤس طیب اردگان ماڈل کی فوج کا تجربہ پاکستان میں کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے
انگریز ی اخبار کی خبر ا سکی شروعات ہیں، حالات 12 اکتوبر 99 سے بھی بد تر ہیں
نوجوان کربلا کی مقدس ہستیوں کی فکر پر چلیں ’’پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ سے خطاب

لاہور (13 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قا ئد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 3 ستمبر راولپنڈی جلسہ میں کہا تھا نواز شریف فوج پر پنجاب پولیس کی طرح کنٹرول چاہتے ہیںَ وزیر اعظم ہاؤس طیب اردگان ماڈل کی فوج کا تجربہ پاکستان میں کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے انگریز ی اخبار کی خبر ا سکی شروعات ہیں، حالات 12 اکتوبر 99 سے بھی بدتر ہیں قومی سلامتی کے اداروں کو اپنے غیر ملکی ایجنڈے کی تکمیل کی راہ کی رکاوٹ سمجھنے والے اپنی ضرورت کے تحت جنرل ضیاء الحق کے ذکر پر رحمۃ اللہ علیہ کہتے تھے۔ شریف برادران نے 30 سال فوج کو فتح کرنے پر صرف کئے اگر انکی توجہ تعلیم، صحت، انصاف کی سہولتوں کی فراہمی پر ہوتی تو آج پاکستان کے عوام خطے کے آسودہ حال عوام ہوتے، عوامی تحریک کے کارکنوں نے ظالم، کرپٹ اور قاتل نظام کے خلاف جانی و مالی قربانیاں دیں یہ رائیگاں نہیں جائینگی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے قصاص لینے کیلئے دوسرا راؤنڈ ہو گا، مرتے دم تک قاتلوں سے سمجھوتہ نہیں ہو گا، قصاص لے کر رہیں گے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا سیل، سوشل میڈیا کے ممبران کے اجلاس سے ویڈیو لنک پر خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ میاں نوا ز شریف کی طیب اردگان بننے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ حالات 12 اکتوبر 99 سے بھی زیادہ بدتر ہیں۔ انگریزی اخبار کی خبر کا مواد وہی ہے جس کا اظہار پاکستان کے دشمن صبح و شام کرتے ہیں، خبر چھپی نہیں چھپوائی گئی۔ یہ پاکستان کی سا لمیت پر حملہ ہے، ذمہ داروں کو بلا تاخیر کٹہرے میں لایا جائے، ان پر غداری کے مقدمات بننے چاہئیں۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ، منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عاشورہ محرم الحرام کی شب مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ’’پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہادت امام حسین علیہ السلام کے بعد کائنات انسانی کو دو کردار مل گئے، یزیدیت جو بد بختی، ظلم، استحصال، جبر، تفرقہ پروری، قتل و غارت گری اور خون آشامی کا استعارہ بن گئی اور حسینیت صبر، شکر، عدل، امن، وفااور تحفظ دین مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی علامت ٹھہری۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان اور خواتین شہدائے کربلا کی مقدس زندگیوں کے مطالعہ کو اپنے معمولات کا حصہ بنائیں اور انکی فکر پر چلیں۔

کانفرنس کا اہتمام منہاج القرآن علماء کونسل کی طرف سے کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، علامہ حاجی امداد اللہ، علامہ میر آصف اکبر، مولانا اسلم ندیم نقشبندی، مولانا حافظ نعمان جالندھری، علامہ نیاز حسین بخاری نے خطاب کیا، اس مو قع پر عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں اور مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top