حلال و حرام کا فرق اسلام کے معاشی نظام کا سنگ بنیاد ہے: فیض الرحمان درانی

اسلام کے رہنما اصولوں پر چل کر معاشرتی اور معاشی زندگی کی اصلاح ہوتی ہے
وقت کی ضرورت ہے کہ امن برائے باہمی کے اصولوں پر عمل کیا جائے : جمعۃ المبارک سے خطاب

لاہور (14 اکتوبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ مسلمان کیلئے زندگی میں وہ راستہ اور طریقہ درست ہے جس پر قرآن و سنت دلالت کرتے ہیں۔ قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگی کا راستہ طے کریں۔ سیدھا راستہ اللہ کا راستہ ہے جو آپس میں پھوٹ، انتشار، لڑائی جھگڑا اور قتل و غارت گری سے روکتا ہے۔ اچھائی کا بدلہ اچھائی ہوتا ہے۔ یتیم کا مال نہ کھاؤ اور اسی طرح حلال و حرام کا فرق اسلام کے معاشی نظام کا سنگ بنیاد ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام معاشی ترقی اور پیداوار میں اضافہ کی بھرپور حمایت کرتا ہے لیکن اسلام ایسے ہر نفع کو جو ناجائز طریقہ سے حاصل ہو حرام اور دوزخ کی آگ قرار دیتا ہے۔ دین اسلام کہتا ہے کہ تجارت دیانت کے ساتھ ہو اس میں دھوکہ، جھوٹ، وعدہ خلافی اور غلط بیانی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے رہنما اصولوں پر چل کر معاشرتی اور معاشی زندگی کی اصلاح ہوتی ہے۔ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ محرم الحرام قربانی، اتحاد امت اور امن کا درس دیتا ہے۔ سیدنا امام حسین علیہ السلام کے صبر و رضا نے امت مسلمہ کے ایمانی جذبوں کو زندہ و جاوید کر دیا۔ آج اسلامی جمہوریہ پاکستان اندرونی و بیرونی دباؤ کا شکار ہے۔ اندرونی و بیرونی دشمنوں نے ملک کو اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرے۔ رواداری اور امن برائے باہمی کے اصولوں پر عمل کیا جائے یہی وقت کی ضرورت، محرم الحرام کا پیغام اور یہی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کی تدبیر ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top