منہاج القرآن کا 36 واں یوم تاسیس پاکستان سمیت 100 سے زائد ممالک میں کل منایا جائیگا
مرکزی تقریب سنٹرل سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہو گی، صدر فیڈرل کونسل
ڈاکٹر حسین محی الدین صدارت کرینگے
1980ء میں منہاج القرآن کا آغاز کرنے والے ڈاکٹر طاہرالقادری کو دنیا آج سفیر امن کے
نام سے جانتی ہے
منہاج القرآن تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے عالم اسلام کی سب سے بڑی اور موثر تحریک
بن چکی ہے
یوم تاسیس کی تقریب میں ملکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی جائینگی اور کیک کاٹا جائیگا:
حافظ غلام فرید
لاہور (15 اکتوبر 2016) تحریک منہاج القرآن کا 36 واں یوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں 16 اکتوبر 2016 (اتوار) انتہائی جوش و خروش سے منایا جائیگا۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 36 سالوں پر مشتمل انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دنیا کے 6 براعظموں میں یوم تاسیس کی تقاریب اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائیگا۔ یوم تاسیس کی تقاریب میں ہزاروں، سینکڑوں رفقاء، وابستگان شرکت کر کے تجدید عہد کرینگے۔ یوم تاسیس کی تقاریب میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت، درازی عمر، ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائینگی اور کیک بھی کاٹے جائینگے۔ یوم تاسیس کے سلسلے کی مرکزی تقریب سنٹرل سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی جس کی صدارت صدر فیڈرل کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین کرینگے۔
ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منہاج القرآن لاہور کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، حنیف قادری، صدر عوامی تحریک لاہور چودھری افضل گجر، عارف چودھری، اصغر ساجد، حافظ صفدر علی، ڈاکٹر اقبال نور، اصغر ناز سمیت منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران اور مختلف ٹاؤنز کے صدور وناطمین نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ 1980ء میں داتا کی نگری لاہور سے تحریک منہاج القرآن کا آغاز کرنے والے امت مسلمہ کے وکیل ڈاکٹر طاہرالقادری آج ملت اسلامیہ کے شیخ الاسلام اور دنیا کیلئے سفیر امن بن چکے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد ملک میں مصطفوی انقلاب کے بعد مثبت تبدیل کی بنیاد رکھنا ہے۔ وہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں جمہوری اسلامی ملک بنانے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری جب بھی قصاص اور سالمیت پاکستان تحریک کے دوسرے مرحلے کا اعلان کرینگے دنیا اس دن ہر جگہ عوام کا ایسا سمندر دیکھے گی جو اپنے محبوب قائد کے حکم پر دیدہ و دل فرش راہ کیے ہوئے ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے بلا شبہ دنیا کی اور عالم اسلام کی سب سے بڑی تحریک بن چکی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری پوری دنیا میں تکریم انسانیت اور دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کو فروغ دے رہے ہیں۔ وطن عزیز میں نظام کی تبدیلی کا علم اٹھانے والی تحریک منہاج القرآن ہی ملک کے غریب عوام کامقدر بدلنے کیلئے کوشاں ہے۔
تبصرہ