لاہور: تحریک منہاج القرآن کا 36 واں یوم تاسیس

تحریک منہاج القرآن کے 36 ویں یوم تاسیس پر بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم تحریک کے کارکنان کو انکی خدمات، استقامت، جرات مندانہ جدوجہد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انقلاب کیلئے بہنے والا خون اور کارکنوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ قاتل سن لیں شہداء کا خون تحریک پر قرض ہے، ہر صورت قصاص لیں گے، تحریک منہاج القرآن نے نوجوانوں کو انتہا پسندی، دہشتگردی اور فتنہ خارجیت سے بچایا اور اسلام کے علم و امن کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کیا۔

تحریک منہاج القرآن کے قیام کے 36 سال مکمل ہونے پر یوم تاسیس کی پروقار تقریب 16 اکتوبر 2016ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام میں تحریک کے دیرینہ عہدیداران و رفقاء، بانی اراکین، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء، اور اسیران انقلاب و زخمیوں سمیت سینکڑوں کارکنان نے تحریکی جوش و جذبہ سے شرکت کی۔ خواتین کی بڑی تعداد بھی اس پروگرام میں شامل تھی۔

یوم تاسیس کے سالانہ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، جس کے بعد تحریکی ترانہ بھی سنایا گیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے صدارتی خطاب سے پہلے قائدین نے اظہار خیال کیا، جن میں منہاج القرآن کے امیر لاہور حافظ غلام فرید، رفیق نجم، سید الطاف حسین شاہ، چودھری افضل گجر، اشتیاق حنیف مغل، علامہ غالب پرویز، حاجی فرخ حبیب، علامہ غلام اصغر، علامہ محمد حسین آزاد، حاجی محمد حنیف، شیخ محمد اسلم اور عارف چودھری شامل ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات کو عام کر کے ثابت کر دیا کہ یہی اس صدی کی تجدیدی تحریک ہے۔ علم و امن کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے قابل فخر خدمات انجام دینے پر یو این کی طرف سے منہاج القرآن کو سپیشل کنسلٹیٹو کا سٹیٹس ملا، جو پاکستان ہی نہیں پورے عالم اسلام کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلامک سکالرز کی ایک ایسی کھیپ تیار کی جو پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں علم و امن کی شمعیں روشن کر رہے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کے عہدیداروں نے تحریکی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 17 اکتوبر 1980ء کو بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کا آغاز کیا۔ اس کے مقاصد و اہداف میں تعلق باللہ، ربط رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، تنظیم، تحقیق، تعلیم، تربیت وانقلاب شامل تھے۔ مقررین نے کہا کہ 36 سال کے عرصہ میں تحریک منہاج القرآن نے ملکی و عالمی سطح پر فروغ علم و امن کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ بین المسالک و مذہبی ہم آہنگی کیلئے عملی کردار ادا کیا۔ کرپشن زدہ قاتل ملکی سیاسی نظام کے خلاف تحریک کے کارکنوں نے بے مثال جانی و مالی قربانیاں دیں۔

مقررین نے کہا کہ دنیا کے 90 ممالک میں تعلیم و تربیت کے لیے اسلامک سنٹرز کا قیام، ویلفیئر کے نظام کے تحت 6 سو سے زائد سکولوں، 40 کالجز، ایک چارٹرڈ یونیورسٹی، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، یتیم و بے سہارا بچوں کیلئے ادارہ آغوش، غریب بے آسرا بچیوں کیلئے بیت الزہراء، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا قیام تحریک کی قابل ذکر کامیابیاں ہیں۔

امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہاکہ سندھ کے دور دراز علاقوں میں پانی کے پراجیکٹس، اجتماعی شادیوں، اجتماعی قربانیوں اور وسیلہ روزگار اسکیم منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے اہم پراجیکٹس ہیں۔ فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں 5 سو کتب کی اشاعت کو یقینی بنانے کا حیرت انگیز کارنامہ سرانجام دیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے یہ علمی و تحقیقی جوہر پارے انسانیت کو روشنی دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگریزی، عربی، اردو میں تحریر کی گئیں ان کتب میں ترجمہ عرفان القرآن، احادیث مبارکہ پر تاریخی نسخہ المنہاج السوی اور فتنہ خوراج و دہشت گردی کے خاتمے پر جاری کیا گیا 6 سو صفحات پر مشتمل فتویٰ نے عالمگیر شہرت حاصل کی۔

رفیق نجم نے کہا کہ منہاج القرآن کے زیر انتظام 6 سو سے زائد سکولوں و کالجز میں 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں اور ہزاروں طالب علم ان اداروں سے اپنی علمی پیاس بجھا چکے ہیں۔

سید الطاف حسین شاہ نے کہا کہ منہاج القرآن کا ایک روحانی اقدام گوشہ درود کا قیام ہے۔ اس نظام کے تحت نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بارگاہ میں 11 اکتوبر 2016 تک 1 کھرب، 28 ارب، 13 کروڑ 7 ہزار 93 مرتبہ درود پاک پڑھا گیا اور یہاں 24 گھنٹے درود پاک پڑھا جاتا ہے۔

پروگرام میں شرکاء نے وطن عزیز میں استحصال، کرپشن، ناانصافی کے خاتمے اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کو قصاص دلوانے کیلئے ہاتھ اٹھا کر تجدید عہد بھی کیا۔ آخر میں شہدائے ماڈل ٹاؤن و شہدائے اسلام آباد کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گی۔


تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top