ڈاکٹر طاہر القادری کے بغیر نظام بدلنے کی کوئی تحریک کامیاب نہیں ہو گی: امیر تحریک منہاج القرآن

پاکستان بچانے کیلئے قرآن و سنت، تاریخ، سماج پر گہری نظر رکھنے والے  ریفارمز کی ضرورت ہے:صاحبزادہ فیض الرحمن درانی
تحریک منہاج القرآن کے 36 ویں یوم تاسیس پر منعقدہ تقریب سے خطاب، کیک کاٹا گیا
 

لاہور (17 اکتوبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے  کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے بغیر نظام بدلنے کی کوئی تحریک کامیاب نہیں ہو گی۔ وہ تحریک منہاج القرآن کے 36 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ظالم نظام کی تبدیلی کیلئے صرف منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے جانی مالی قربانیاں دیں، باقی سب نے تماشائی کا کردار ادا کیا۔

پاکستان کو بچانے کیلئے ایک ایسے ریفارمز ویژنری لیڈر کی ضرورت ہے جس کا قرآن و سنت، تاریخ عالم اور معروضی حقائق کا گہرا مطالعہ ہو اور جس کا ماضی آئینے کی طرح شفاف ہو۔ ایسا لیڈر ہو جو ملکی خوشحالی، احتساب اور اصلاحات کا واضح روڈ میپ رکھتا ہو۔ جس کے دل میں اللہ کا خوف اور مخلوق سے محبت ہو۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ظالم نظام کے تحت انتخاب کے بعد انتخاب چاہنے والے پاکستان کے غریب عوام کی خوشیوں اور خوشحالی کی قاتل ہیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا انقلاب، احتساب، اصلاحات پھر انتخاب سے عبارت ہے۔ جب تک گندی مچھلیوں کو سیاست کے جال سے باہر نہیں نکالا جائے گا تب تک گندگی اور تعفن ختم نہیں ہو گا۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا، ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت و تندرستی کیلئے دعا کی گئی۔ تقریب میں بریگیڈیئر اقبال احمد خان، جی ایم ملک، ساجد بھٹی، رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، تنویر خان، مظہر محمود علوی اور ویمن لیگ کی رہنماؤں سمیت مرکزی سیکرٹریٹ کے اسٹاف نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top