تحریک منہاج القرآن کے 36 ویں یوم تاسیس پر مرکزی سیکرٹریٹ میں تقریب
ڈاکٹر طاہرالقادری کو فکری دوام حاصل ہے، 36 سالہ سفر کامیابیوں
کا گواہ ہے: امیر تحریک
پاکستان بچانے کیلئے قرآن و سنت، تاریخ، سماج پر گہری نظر رکھنے والے لیڈر کی ضرورت
ہے: فیض الرحمن درانی
تحریک کے 36 ویں یوم تاسیس پر مرکزی سیکرٹریٹ میں تقریب، کیک کاٹا گیا، پرچم
کشائی، مبارکبادیں
تحریک منہاج القرآن کے قیام کے 36 سال مکمل ہونے پر یوم تاسیس کی دوسری تقریب 17 اکتوبر 2016ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کی۔ مرکزی اسٹاف، مختلف نظامتوں کے سربراہان و قائدین اور منہاج ویمن لیگ کی سسٹرز بھی تقریب بھی شریک ہوئیں۔ بریگیڈئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، ناظم سیکرٹریٹ جواد حامد، نائب ناظم اعلیٰ رفیق نجم، سیکرٹری کوارڈینیشن عوامی تحریک ساجد محمود بھٹی، تنویر خان اور ڈائریکٹر میڈیا نور اللہ صدیقی بھی اسٹیج پر موجود تھے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری ریاست علی چدھڑ نے تلاوت قرآن مجید سے کیا جبکہ طیب ضیاء نے نعت مبارکہ پڑھی۔امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک کیساتھ اپنی 36 سالہ رفاقت اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کیساتھ اپنے دیرینہ تعلق کی یادداشتوں کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 17 اکتوبر 1980ء کو جب ادارہ منہاج القرآن کی بنیاد رکھی گئی تو وہ روز اول سے ہی ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ تھے اور آج بھی اس مشن پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو فکری دوام حاصل ہے کہ 36 سالہ سفر ان کی کامیابیوں کا گواہ ہے۔ آج بھی ان کی فکری جہت بہت واضح ہے۔ آج سے 36 سال قبل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآن و حدیث کی روشنی میں جن شرور و فتن کی پیش گوئی کی تھی آج وہ اسی طرح رونما ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور اس کے ذیلی فورم اور شعبہ جات دنیا بھر میں قائم ہو چکے ہیں، 36 سال قبل شروع ہونے والا ادارہ دنیا کے 100 ممالک میں اپنا وجود رکھتا ہے، یہ شیخ الاسلام کی سب سے بڑی تنظیمی کاوش ہے۔
امیر تحریک نے کہا کہ کارکنان اور مرکزی سیکرٹریٹ میں کام کرنے والا اسٹاف خوش قسمت ہے جنہیں اس دور میں شیخ الاسلام جیسی نابغہ روزگار شخصیت ملی۔ موجود دور میں ہمیں ان کی قدر کرنی ہوگی، ورنہ تاریخ عالم ہمیں معاف نہیں کرے گی۔
آخر میں انہوں نے کہا ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس بوسیدہ نظام سیاست و اقتدار کو سب سے پہلے چیلنج کرتے ہوئے اس کے خلاف آواز بلند کی۔ موجودہ ملکی حالات میں ڈاکٹر طاہر القادری کے بغیر نظام بدلنے کی کوئی تحریک کامیاب نہیں ہو گی۔ ظالم نظام کی تبدیلی کیلئے صرف منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے جانی و مالی قربانیاں دیں، باقی سب نے تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے۔ آج پاکستان کی بقاء اور خطہ زمین کو بچانے کیلئے ایک ایسے ریفارمز ویژنری لیڈر کی ضرورت ہے جس کا قرآن و سنت، تاریخ عالم اور معروضی حقائق کا گہرا مطالعہ ہو، جس کا ماضی آئینے کی طرح شفاف ہو۔ جس رہنماء کے دل میں اللہ کا خوف اور مخلوق سے محبت ہو، وہی اس دھرتی کو انقلاب آشنا کر سکتا ہے۔
تقریب میں مرکزی قائدین نے تحریک کے 36 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔ بعد ازاں مرکزی سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قائدین نے مرکزی سیکرٹریٹ کی عمارت پر تحریکی و پارٹی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر کارکنان میں مٹھائی تقسیم کی گئی جبکہ آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت و تندرستی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر کارکنان و قائدین نے ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیں۔
تبصرہ