فیصل آباد: مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کنونشن

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام پاکستان زندہ بادسٹونٹس کنونشن فیصل آباد میں منعقدہوا۔ ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چوہدی عرفان یوسف نے پروگرام کی صدارت کی، جبکہ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر رفیق نجم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ایم ایس ایم کے مرکزی اور مقامی رہنماوں میں میاں انصرمحمود، راناطاہرسلیم، حافظ رب نوازانجم، میاں کاشف محمود، شاہدسلیم مصطفوی، آصف عزی، عامرحسین مصطفوی، ناصروارثی۔ مزمل جٹ، ڈاکٹر ثاقب اور عمران خان بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت و نعت اور تحریکی ترانوں سے ہوا۔ جس کے مہمان مقررین نے اظہار خیال کیا۔ عرفان یوسف نے کہا کہ منہاج القرآن، عوامی تحریک اور ایم ایس ایم کی جدوجہد علم اور امن کیلئے ہے۔ پاکستان میں صرف ڈاکٹر طاہرالقادری کے کارکن ہی نظریے کے اوپر کھڑے ہیں۔ یہ حسینی قافلہ یزید کی باطل فکر کو شکست دے گا۔ انقلاب آ کر رہے گا۔ لٹیرے، کرپٹ اور قاتل نظام کے سرپرست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ماضی کا حصہ اور قصہ بنیں گے۔ ایم ایس ایم کے نوجوان ملک میں صحت مند تعلیمی کلچر کے قیام اور سیاسی نظام کی تشکیل نو کے لیے انقلاب کے ہراول دستہ کا حصہ ہیں۔

تحریک منہاج القرآن مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئررفیق نجم نے کہا کہ قائد اعظم کا پاکستان کرپشن کنگز نے دو حصوں میں تقسیم کر دیا۔ ایک وہ طبقہ ہے جو 20 لاکھ خرچ کر کے ڈگری خرید لیتا ہے اور دوسرا وہ طبقہ ہے جو پڑھنے کیلئے جس سکول میں ماہانہ 50 روپے فیس دیتا ہے، وہاں فرنیچر ہوتا ہے نہ ٹیچر۔ ایک وہ طبقہ ہے جس کے جوتوں پر کبھی گرد نہیں پڑتی اور ایک وہ طبقہ جو صرف جوتوں کی گرد صاف کر کے پیٹ کی آگ بھجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری علم کے زیور سے آراستہ نسل کی آبیاری کر رہے ہیں۔ یہی تعلیم یافتہ نوجوان وطن عزیز کا تابناک مستقبل ہیں۔ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے بندوق نہیں قلم چلانا سکھا رہے ہیں۔ یہ وہ نوجوان ہیں جو دھاندلی کے خلاف۔ ظلم کے خلاف۔ جہالت اور دہشتگردی کے خلاف۔ کرپشن کے خلاف۔ بھتہ خوری اور قبضہ مافیا کے خلاف آواز بلندکرتے ہیں۔ آج ملک میں طاہرالقادری ایک ایسا لیڈر ہے جس کے ایک اشارے پر لاکھوں نوجوان مرد و خواتین سڑکوں پر نکل آتے ہیں۔

اس موقع پر ایم ایس ایم کے پرجوش نوجوانوں نے کنونشن میں ’’گونواز گو‘‘ اور ’’خون رنگ لائے گا انقلاب آئیگا‘‘کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔کنونشن میں ایک قرار داد کے ذریعے کشمیری عوام اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ بھارت سمیت کسی ملک نے پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں پر بری نگاہ ڈالی تو کروڑوں عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کریں گے۔

کنونشن کے اختتام پر شہدائے ماڈل ٹائون اور شہدائے آپریشن ضرب عضب کیلئے دعا کی گئی۔انہوں نے ایم ایس ایم کے عہدیداروں اور کارکنان کو پاکستان زندہ باد سٹوڈنٹس کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دی اور انکی علم و امن کیلئے بے مثال خدمات کو سراہا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top