سرل لیکس کمیشن کا قیام ایک بار پھر کہتا ہوں انا للہ و انا الیہ راجعون: ڈاکٹر طاہرالقادری

پاکستان اور اسکے 19 کروڑ عوام کی حفاظت کیلئے اللہ رب العزت سے دعا گو ہوں
میڈیا رپورٹ کے مطابق کمیشن کے سربراہ پنجاب حکومت اور بیٹی شریف خاندان کے نجی کالج میں ملازم ہے
قومی سلامتی ہی نہیں قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ بھی کھیل کھیلا جا رہا ہے، لندن میں صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ

لندن / لاہور (7 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے اپنے ملازم کو سرل لیکس کمیشن کا سربراہ مقرر کئے جانے پر میں نیوز لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے ایک بار پھر کہوں گا ’’انا للہ و انا الیہ راجعون‘‘ اور اس کے ساتھ ساتھ اللہ رب العزت سے دعا گو بھی ہوں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اسکے 19 کروڑ عوام کی حفاظت کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ کرپٹ مقتدر ایلیٹ کے ہاتھوں بچ جانیوالے واحد ادارے فوج کی سلامتی کیلئے بھی دعا گو ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں الیکٹرونک میڈیا کے پاکستانی نمائندوں اور سینئر صحافیوں کے اعزاز میں دئیے جانیوالے عشائیہ کے موقع پر گفتگو ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین، صدر یوکے خرم شہزاد، جنرل سیکرٹری عمرنوید، میڈیا کوآرڈینیٹر آفتاب بیگ، شاہد مرسلین اور داؤد مشہدی بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قوم کو دھوکہ دینے کیلئے ریٹائرڈ جسٹس کا نام استعمال کیا گیا یہ ریٹائرڈ جسٹس اس وقت پنجاب حکومت کے ملازم ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیئرمین ہیں، جن کا تقرر میاں شہباز شریف نے اپنے ہاتھوں سے کیا۔ یہ دونوں خاندان ایک دوسرے کے پرانے نیاز مند ہیں۔ جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان تنہا شہباز حکومت کے ملازم نہیں انکی بیٹی بھی شریف خاندان کے ذاتی کالج شریف میڈیکل کالج میں وائس پرنسپل ہیں۔ ’’ذاتی نوکر کمیشن‘‘ کیا فیصلہ دے گا ایک ماہ کے طویل انتظار کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔ اس کمیشن سے وہی فیصلہ آئے گا جس کی کسی بھی نیاز مند سے توقع کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرل لیکس کو ایک ماہ گزر گیا اب کمیشن اپنے قیام کے ایک ماہ بعد رپورٹ وزیراعظم کو دے گا اس کے بعد وزیراعظم کی مرضی رپورٹ جاری کریں یا نہ کریں اس لئے اس سرل لیکس کمیشن پر بھی میرا تبصرہ ’’انا للہ و انا الیہ راجعون‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں حکومت قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ بھی کھیل کھیلے اور کوئی ہاتھ روکنے والا نہ ہو تو اس ملک اور اسکے عوام کا اللہ ہی حافظ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top