ہالینڈ: دی ہیگ میں پیغام شہادت امام حسین کانفرنس
منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کے زیراہتمام ’’پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ 10 اکتوبر 2016ء کو دی ہیگ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد نے کی۔ پروگرام میں دی ہیگ اور گردونواح سے مرد و خواتین اور فیملیز کی بڑی تعداد نے کیساتھ شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت سیدہ مجتبی ہاشمی نے کی۔ صادق بٹ نے اپنے ساتھیوں سکندر خان اور شیراز ملک کیساتھ گروپ کی صورت میں نعت مبارکہ پیش کی۔ حافظ یاسر یاسین نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کانفرنس کے معزز مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔
کانفرنس میں علامہ رضا اور علامہ یاسین نسیم نے خطابات کیے۔ انہوں نے پیغام حسین اور شہادت حسین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیغام حسین دین اسلام کا تابندہ پیغام امن ہے۔ وقت کے یزید اور دشمن قوتوں کے ساتھ کلمہ حق جرات کیساتھ بیان حسینی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت مسلم دنیا کے اکثر ممالک قیادت کی فکری رہنمائی سے خالی ہیں، ایسے حالات میں وقت کا یزید اور دنیا میں اپنی چودھراہٹ کے خواب دیکھنے والا ملک مسلم دنیا کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ آج ضرورت ہے کہ مسلم دنیا میں کوئی حسینی کردار وقت کے یزید کو للکارے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان میں وقت کے یزید کو للکار کر اپنی حسینی پکار سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ سنت حسین ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان میں امن، انصاف، عدل اور ترقی یافتہ معاشرہ کے قیام اور دنیا میں قیام امن کے لیے ہمیں شیخ الاسلام کا ساتھ دینا ہوگا۔
پروگرام کے آخر میں سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کا واقعہ اسلام کی فتح کا وہ پیغام تھا، جو قیامت تک اس ولولے اور جذبے کے ساتھ دنیا میں پھیلتا رہے گا۔ آخر میں انہوں نے اختتامی دعا بھی کرائی۔ کانفرنس میں سعید چودھری نے نقابت کے فرائض سر انجام دیئے۔
تبصرہ