یوم اقبال: ’’ڈاکٹر طاہر القادری کی انقلابی جدوجہد پاکستان کو علامہ اقبال کی فکر پر گامزن کرنے کیلئے ہے‘‘

پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے یوم اقبال پر شاعر مشرق و حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے چادر چڑھائی۔ سیکرٹری جنرل و ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں وفد نے 9 نومبر 2016ء کو دن 10 بجے مزار اقبال پر نہایت عقیدت و احترام سے حاضری دی۔ وفد نے چاک و چوبند نیوی گارڈز کیساتھ مزار اقبال پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے گلدستہ رکھا، چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر جی ایم ملک، ساجد بھٹی، انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل رضا، جواد حامد، نوراللہ صدیقی، سید امجد علی شاہ، مظہر علوی اور ثناء اللہ خان بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ محمد اقبال ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ، بلند پایہ مفکر اور عاشق رسول تھے۔ حکیم الامت کی تعلیمات اور فکر ایک خوددار اور غیور قوم کیلئے تھی۔ شاعر مشرق چاہتے تھے کہ پاکستان ایک باوقار قوم کے طور پر دنیا میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے عمر بھر نوجوانوں کو علم، جرآت مندی اور تقویٰ کی تعلیم بھی دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف مسلم لیگ کا نام تو لیتے ہیں اور علامہ اقبال کو اپنا ہیرو کہتے ہیں لیکن ان کا سیاسی طور طریقہ غاصبوں اور نازیوں والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے معاشی آزادی کیلئے فکر دی تھی جبکہ نواز شریف کی حکومت نے پاکستان کے ہر بچے کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا مقروض کر دیا ہے۔ پاکستان بننے سے پہلے غریب مسلمان ہندو بنیے کے مقروض تھے اور آزادی حاصل کرنے کے بعد جدید بنیے نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا غلام بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان کو علامہ اقبال اور قائداعظم کا پاکستان بنانے کیلئے انقلاب کا نعرہ بلند کررہے ہیں۔ انشاء اللہ ہم پاکستان کو اغیار کی غلامی سے نجات دلائیں گے اور اندھیروں میں ڈوبے ہوئے اقبال کے پاکستان کو روشنی کے سفر پر گامزن کرینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top