منہاج القرآن کے زیراہتمام 3 روزہ تربیتی کیمپ، چاروں صوبوں سے خواتین کی شرکت

انتہا پسندی، دہشتگردی سے نجات کیلئے خواتین مرکزی کردار ادا کر سکتی ہیں، کیمپ سے فرح ناز، عائشہ مبشر کا خطاب
کیمپ میں خواتین، بچوں کی اسلامی تعلیم و تربیت کیلئے پانچ تربیتی پروگرامز کی منظوری، ڈاکٹر طاہرالقادری کی مبارکباد

لاہور (13 نومبر 2016) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام 3 روزہ دینی، اخلاقی، روحانی، اصلاحی کیمپ گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گیا۔ تربیتی کیمپ میں چاروں صوبوں سے عہدیدار خواتین کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبادی کے نصف کو جدید دینی و دنیاوی علوم اور تربیت سے محروم رکھنا ترقی اور اصلاح سے انکار ہے۔ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے ناسور سے نجات کیلئے خواتین مرکزی کردار ادا کر سکتی ہیں، معاشرے میں علم، امن اور خوشحالی لانے کیلئے خواتین کی تعلیم و تربیت پر فوکس نا گزیر ہے۔ تربیتی کیمپ میں درگاہ شاہ نورانی میں دہشتگردی اور خواتین اور بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ تربیتی کیمپ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے بانی و سر پرست منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق خواتین اور بچوں کی دینی، اخلاقی، روحانی تعلیم و تربیت کیلئے 5 تربیتی پروگرامز کی منظوری دی گئی، ان اصلاحی پروگرامز کے تحت منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات ملک بھر میں جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے خواتین اور بچوں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کروانے اور انہیں سوسائٹی کا ایک مفید فر د بنانے کیلئے کردار ادا کریں گی اس کیلئے ٹرینرز کی تربیت کا بھی میکانزم طے کیا گیا۔

تربیتی کیمپ کا اہتمام افنان بابر، عائشہ مبشر، اقرا یوسف جامی، سنبل اعوان، ام کلثوم قمر، زینب ارشد، ام حبیبہ، شمائلہ وسیم نے کیا۔ کامیاب تربیتی کیمپ کے اہتمام پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے ویمن لیگ کی جملہ عہدیداران اور نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن تنویر خان کو مبارکباد دی۔ تربیتی ورکشاپ میں جن پانچ پروگرامز کی منظوری دی گئی ان میں اربعینات، حی علی الفلاح، الہدایہ وائس، ایگرز و داعی نصاب شامل ہیں۔

ٹریننگ کیمپ کی سیکرٹری عائشہ مبشر نے منظور کئے جانیوالے تربیتی پروگرامز کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اربعینات پروگرام سے مراد احادیث مبارکہ کی روشنی میں بنیادی عقائد کی اصلاح، حی علی الفلاح پروگرام تین سے پندرہ سال کی بچیوں کو دینی علوم کی بنیادی معلومات سے روشناس کروانا، الہدایہ وائس کے ذریعے پوش علاقہ جات کی پڑھی لکھی خواتین سے مکالمہ اور تربیت کا اہتمام کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ان تربیتی و اصلاحی پروگراموں کا بنیادی مقصدقرآن و سنت کے علوم اور اخلاقی اقدار کو پروان چڑھانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج علم کی کثرت ہے مگر تربیت کا قحط ہے۔ ان تربیتی تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے مذکورہ پروگراموں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

تربیتی کیمپ کے اختتامی سیشن سے نائب ناظم اعلیٰ کوارڈینیشن تنویر خان نے اصلاحی تحریکوں کے آغا زاور کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے حوالے سے’’ تحریک کے مراحل خمسہ‘‘ پر خصوصی لیکچر دیا۔ 3روزہ تربیتی کیمپ سے فرح ناز، افنان بابر، ام کلثوم، سنبل اعوان، زینب ارشد نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top