عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کا مشترکہ اجلاس، میلاد کانفرنس کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عالمی جشن کے طور پر منایا جائیگا، عوام الناس کومیلاد مہم کا حصہ بنایا جائیگا، اجلاس میں فیصلہ
ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی مینار پاکستان میں سٹیج اور پنڈال کی تیاری کا کام شروع کر دیا جائیگا: حافظ غلام فرید

لاہور (27 نومبر 2016) تحریک منہاج القرآن لاہور اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا مشترکہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں لاہور کے امیر حافظ غلام فرید کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاہور کے رہنماؤں نے 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان پر ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ مختلف انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان نے حافظ غلام فرید کو اب تک ہونے والے انتظامات سے آگاہ کیا۔ لاہور کے رہنماؤں نے اجلاس میں بتایا کہ صرف لاہور شہر سے عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کریں گے۔ میلاد مہم 2016 کے سلسلے میں رابطہ مہم شروع کر دی گئی ہے۔ عوام الناس سیاسی، مذہبی، تاجر، وکلاء طلباء، مزدور، کسان رہنماؤں کو میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔ ضلع کی سطح سے لے کر یونین کونسل سطح تک عوامی رابطہ مہم میں تیزی لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں اشتیاق حنیف مغل، حنیف قادری، میاں افتخار، انجنیئرثناء اللہ، رمضان ایوبی، حاجی فرخ، عمر اعوان بھی موجود تھے۔ حافظ غلام فرید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد کی رات ہر سال کی طرح اس سال بھی مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائیگا۔ ہر خاص و عام کیلئے کھانے کا اہتمام ہو گا۔ عالمی میلاد کانفرنس میں پوری اسلامی دنیا سے نمائندگی کیلئے سکالرز اور مشائخ شرکت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ایمان کی متاع ہے اور تحریک منہاج القرآن عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کرنے کیلئے گزشتہ تین دہائیوں سے محنت کر رہی ہے۔ مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ ہر سال لاکھوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دامن میں سمیٹ کر گواہ ہوتا ہے کہ یہاں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منا کر امت مسلمہ کے لاکھوں مسلمان اپنے ایمان کو تقویت دیتے ہیں۔

حافظ غلام فرید نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانیوالا درود پاک 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب بارگاہ رسات مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پیش کیاجائیگا اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ امیر لاہور نے بتایا کہ لاہور تنظیم عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں، انتظامات اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر سربراہ عالمی میلاد کانفرنس خرم نواز گنڈا ور سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد کو رپورٹ دیتی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مرکزی رہنماؤں سے ہدایات لے کرعالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی عالمی میلاد کانفرنس کیلئے مینار پاکستان گراؤنڈ میں سٹیج اور پنڈال کی تیاری کا کام شروع کر دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت مسلمہ کو عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ایسا سبق پڑھایا ہے کہ دنیا کے ہر کونے میں میلاد کانفرنسز ہو رہی ہیں۔ امت کو حضو ر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی ایسے انداز میں منانا چاہیے کہ پوری دنیا میں اسکی دھوم مچ جائے۔ تحریک منہاج القرآن میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عالمی جشن کے طور پر مناتی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میلاد کا سما پیدا کرنے کیلےء عوام الناس کو میلاد مہم کا حصہ بنایا جائیگا، لوگوں کو اپنے گھروں پر چراغاں کرنے کی ترغیب دی جائیگی۔ منہاج القرآن لاہور کے رہنماؤں نے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور مرد حضرات کیلےء الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے۔ سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے مختلف جگہوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top