منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کا مشعل بردار جلوس

تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے ماہ ربیع الاول مبارک کا چاند نظر آنے پر دنیا بھر میں اسلامیان پاکستان، عشاقان مصطفیٰ اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو خصوصی مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ آقا علیہ السلام کی ولادت باسعادت ہی دنیا کے لیے مینارہ نور اور راہ ہدایت ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قلبی لگاو اور آپ کی تعلیمات پر زندگی و موت کو قبول کرنا ہی اصل ایمان ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام امن و نور کو انسانیت میں عام کر رہے ہیں۔ ہمیں آقا علیہ السلام کی تعلیمات رحمت و اپنی زندگی کا سنہری اصول بنانا ہوگا۔

30 نومبر 2016ء کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے پر استقبالی جلوس مغل پورہ چوک سے شروع ہو کر شالا مار چوک سے ہوتے ہوئے معروف روحانی شخصیت الحاج غلام حیدر ضیائی کے آستانہ پر اختتام پذیر ہوا، جلوس میں کثیر تعداد میں بگھیاں گھوڑے اور سجے ہوئے اونٹ شریک تھے۔ جلوس میں شریک بچوں نے سفید عربی لباس زیب تن کئے تھے۔ شرکاء جلوس نے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والے کتبے اور برقی مشعلیں اٹھا رکھی تھیں۔ شرکائے جلوس تمام راستے درود پاک کا ورد کرتے رہے اور معروف ثناء خوان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گلہائے عقیدت پیش کرتے رہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آمد ربیع الاول مبارک پر عزیز بھٹی ٹاؤن کی طرف سے استقبال ربیع الاول کے نکالے گئے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ اس مقدس ہستی کی ولادت با سعادت کا مہینہ ہے جس نے بلا تمیز رنگ و نسل مخلو ق خدا سے پیار کرنے کا حکم دیا۔ جس کی تعلیمات ہیں کہ ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ جس نے امن، محبت اخوت اور پیار کی تعلیمات کو عام کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس مقدس مہینے کے صدقے اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو بدعنوان قیادت اور ظلم کرنے والے نظام سے اسلامیان پاکستان اور اس میں بسنے والی تمام اقلیتوں کونجات دلوائے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء سمیت ہر مظلوم کوانصاف ملے۔

عزیز بھٹی ٹاؤن کے عہدیداران، امیر لاہور حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، حفیظ اللہ جاوید، شہباز بھٹی، حاجی محمد ارشد، حاجی عبد الخالق، بشیر فریدی، غلام مصطفی سمیت سینکڑوں کارکنان و عوامی حلقوں نے بھی جلوس میں شرکت کی۔ شالامار لنک روڈ کے تاجروں نے شرکاء جلوس پر گل پاشی کی۔ شرکاء میں جوس بانٹے اور جگہ جگہ ڈاکٹر حسین محی الدین اور شرکائے جلوس کا پرتپاک استقبال کیا۔ جلوس میں مرکزی رہنماؤں نور اللہ صدیقی، سہیل رضا، عارف چودھری، عبد الحفیظ چودھری نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top