33ویں عالمی میلاد کانفرنس ہر حال میں مینار پاکستان پر ہوگی: خرم نواز گنڈا پور

ضلعی انتظامیہ کو اجازت کیلئے اکتوبر میں درخواست دے دی تھی، ڈی سی او لاہور کا رویہ توہین آمیز ہے
ڈاکٹر طاہرالقادری کی دشمنی میں تحریک منہاج القرآن کو عالمی میلاد کانفرنس سے روکا جا رہا ہے
عالمی میلاد کانفرنس سے ڈاکٹر طاہرالقادری خطاب کریں گے، تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں
پنجاب حکومت ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروگرام میں روڑے اٹکانے سے باز نہ آئی تو پھر پور ردعمل آئیگا، اجلاس سے خطاب

لاہور (یکم دسمبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ دنیائے اسلام کی سب سے بڑی 33 ویں عالمی میلاد کانفرنس ہر حال میں مینار پاکستان پر ہی ہو گی۔ ضلعی انتظامیہ کو اجازت کیلئے اکتوبر میں با ضابطہ درخواست دی تھی، ڈی سی او لاہور کا رویہ توہین آمیز ہے۔ پچھلے 32 سالوں سے عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہو رہی ہے۔ پنجاب حکومت سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی سیاسی دشمنی میں تحریک منہاج القرآن کو عالمی میلاد کانفرنس سے روکا جا رہا ہے۔ ہم پر امن لوگ ہیں ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنوں کی تربیت محبت، امن بھائی چارے کے اصولوں پر کی ہے۔ 4 دہائیوں سے سربراہ عوامی تحریک ساری دنیا کو امن، محبت بھائی چارے، مسلکی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کا سبق پڑھا رہے ہیں، کانفرنس ہر حال میں مینار پاکستان پر ہی ہو گی۔ شدید سرد موسم کے باوجود مینار پاکستان میں ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کر کے اپنے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کریں گے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 33ویں عالمی میلاد کانفرنس کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پرسیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس 2016 جواد حامد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، ساجد بھٹی، جی ایم ملک، شہزاد رسول، سہیل رضا، شاہد لطیف، حافظ غلام فرید، چودھری افضل گجر بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروگرام میں رخنہ ڈالنا یا مینار پاکستان پر پروگرام کو روکنا حکمرانوں کی خود کشی ہو گا۔ پروگرام ہر سال کی طرح مینار پاکستان پر ہی ہو گا۔ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس عالمی پروگرام میں رکاوٹ بننے کی ضد ترک نہ کی تو بھر پور عوامی ردعمل آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے وابستگان، کارکنان اور امت مسلمہ پوری دنیا اور ملک بھر میں ربیع الاول کی آمد کی خوشیاں منا رہی ہے۔ گھروں، دکانوں، بازاروں اور شاہراؤں کو سجانے کے سلسلے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ مشعل بردار جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 33 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں اور انتظامات بھی زور و شور سے جاری ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے۔ عالمی میلاد کانفرنس میں پوری اسلامی دنیا سے نمائندگی کیلئے سکالرز شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ایمان کی متاع ہے اور تحریک منہاج القرآن عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کرنے میں کوشاں ہیں۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ہزاروں نوجوان سکیورٹی کی ڈیوٹی انجام دیں گے۔ پاکستان بھر سے جید علماء، مشائخ عظام، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین، سماجی رہنماء، تاجر وکلاء اور طلباء تنظیموں کے قائدین عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر موجود ہوں گے۔ پنڈال کے اندر اور ملحقہ سڑکوں پر دیو قامت جدید سکرینوں کے ذریعے سٹیج کی کارروائی کو براہ راس دکھایا جائیگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top