تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر میلادالنبی (ص) کی تقریبات کا آغاز

ماہِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری مسلم دنیا کیلئے خوشی و مسرت کا احساس لےکر طلوع ہوتا ہے۔ اس مبارک مہینے کی خوشیوں کے آگے ہماری ذاتی اور اجتماعی خوشیاں ہیچ ہیں۔ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا پیغام محبت، امن اور سلامتی ہے۔ اس ماہ میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے وابستگان اور کارکنان پوری دنیا میں محافل میلاد کا انعقاد کر کے امن، سلامتی، محبت، برداشت اور احترام انسانیت کا پیغام دیتے ہیں۔

ہر سال کی طرح امسال بھی ماہ ربیع الاوّل 1438ھ کی آمد کے ساتھ ہی تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چراغاں کیا گیا ہے اور محسنِ انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے سلسلے میں میلاد تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ ان تقریبات کا آغاز 30 صفر کی شام کو استقبال ربیع الاول کے جلوس سے ہوا۔ مرکزی سیکرٹریٹ سے شروع ہونے والے مشعل بردار جلوس میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان، شریعہ کالج کے طلبہ اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ جلوس کے شرکاء نے اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والے کتبے اور برقی مشعلیں اٹھا رکھی تھیں۔ شرکائے جلوس تمام راستے درود پاک کا ورد کرتے رہے اور ثناء خوانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گلہائے عقیدت پیش کرتے رہے۔

عیدِ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ، جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاون اور اردگرد کی عمارتوں پر خوبصورت چراغاں بھی کیا گیا ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ کی طرف سے آنے والے راستوں کو بھی خوبصورت لائٹنگ سے سجایا گیا ہے۔

مرکزی سیکرٹریٹ پر روزانہ نمازِ عشاء کے بعد ’ضیافتِ میلاد‘ کے عنوان سے محفلِ نعت کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یہ تقریبات 10 ربیع الاوّل تک مرکزی سیکرٹریٹ پر جاری رہیں گی جن میں شمائل و فضائل مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر خطابات ہونگے۔ جبکہ 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب کو مال روڈ، لاہور میں عالمی میلاد کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں لاکھوں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم وسلم شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی خطاب ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top