کراچی: علماء و مشائخ کنونشن
منہاج القرآن علماء کونسل کراچی کے زیراہتمام 6 دسمبر 2016ء کو رحمانیہ مسجد طارق روڈ میں علماء کنونشن منعقد ہوا۔ جس کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کی۔ علماء کنونشن میں ڈاکٹر حسن محی الدین القادری، صاحبزادہ احمد مصطفی العربی اور خرم نواز گنڈا پور مہمان خصوصی تھے۔ امیر تحریک منہاج القرآن کراچی قاضی زاہد حسین، نعیم انصاری، علامہ مسعود شاہ ترمذی، علامہ مفتی مکرم قادری، علامہ غلام غوث چشتی، علامہ قاری سجاد وارثی، علامہ قاری عطاء الرحمان بٹ، علامہ قاری مرید حسین باروی، علامہ معصومی، و دیگر سینکڑوں علماء کرام نے شرکت کی۔
’’اسلام کا عنوان امن و سلامتی ہے‘‘ کے موضوع پر منعقدہ کنونشن میں شیخ الاسلام نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ گردنیں کٹیں ظلم و ناانصافی ہو، عدم برداشت ہو، ایک دوسرے کے خلاف کفر کے فتوے بٹتے ہوں، قتل و غارت گری عام ہو، حرام حلال کا خیال نہ کیا جاتا ہو، ذخیری اندوزی ہو، بے حیائی فحاشی کو ارٹ و کلچر سمجھا جاتا ہو یہ مذہب اسلام نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام تو بھائی چارے، اتحاد ویکجہتی، برداشت کا درس دیتا ہے۔ موجودہ دور میں معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہو چکا ہے۔ نفسا نفسی کے عالم میں علماء معاشرے کی اصلاح کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ایسے حالات میں علماء کی ذمہ داری اور کردار بڑھ جاتا ہے۔ علماء کرام اپنے خطابات میں برداشت، صبر، حق گوئی کا درس دیں۔ انہوں نے کہا جس طرح محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر امن ہیں اسی طرح اسلام دین امن ہے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا غلام اور مسلمان کبھی انتہا پسند اور دہشت گرد نہیں ہو سکتا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا داعش سمیت تمام دہشت گرد اور انتہا پسند گروہ اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پوری امت کو تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔ دہشت گرد اور انہتا پسند جہالت اور کم علمی کی پیدائش ہیں علم کا اجالا اور شعور کی دولت عام کرنے سے دہشت گردی کا خاتمہ اور انسانی معاشرہ امن و محبت کا گہوراہ بن سکتا ہے۔
تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت نہ صرف امت مسلمہ بلکہ پوری انسانیت کیلئے ہے۔ آج کی ترقی، جدید سائنس اور ماڈرن ٹیکنالوجی تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مرہون منت ہے۔ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صدیوں قبل جہالت اور پستی میں مبتلا انسانیت کیلئے عقل و فہم اور جدید سائنس کے دروزے کھول کر انسان پر کائنات کی حقیقت عیاں کر کے رحمتہ للعالمین ہونے کا ثبوت دے دیا ہے۔ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امن و محبت کے پیغمبر بن کر ساری انسانیت کی بھلائی اور اصلاح کیلئے اس جہان میں آئے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا علماء کرام دینی تعلیمات کے ساتھ سائنسی تعلیمات پر توجہ دیں۔ آج جہاں مگربی دنیا اور جدید سائنس پہنچی ہے، وہ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے 14صدیاں پہلے بتا دیا تھا یہی اسلام کی حقانیت ہے سائنس جتنی ترقی کر رہی ہے اتنی ہی اسلام کی حقانیت سامنے آرہی ہے۔ مسلم امہ کو اس وقت دنیا میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ علماء کرام نسل نو انتہا پسندوں کے ہاتھ چڑھنے سے بچائیں اور انھیں اصل اسلام کی روح سے روشناس کرائیں۔ نوجوان نسل کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف امن کی تعلیمات دیں تاکہ معاشرہ اور آنے والی نسلیں تباہی سے بچ سکیں۔
تبصرہ