پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کی تقریب، مسلم، مسیحی رہنماؤں کی شرکت

دہشتگردی سیاسی، معاشی، ریاستی ہو یاانتظامی، متحد اور ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے، مقررین
دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، امن اور انسانیت کے دشمن ہیں، منہاج القرآن
امن کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی تاکہ طبقاتی جھگڑوں اور ناہمواریوں کا خاتمہ ہوسکے، شہزاد رسول چودھری

لاہور (21 دسمبر 2016) انٹرنیشنل فرانسسکن کمیشن فار ڈائیلاگ اور کاوش ریسورس سنٹر کے زیراہتمام فرانسسکن ہاؤس لاہور میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺ اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت با سعادت کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں مسلم، مسیحی، ہندو، سکھ مذاہب کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں مقررین نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی اس دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتاہے۔ پیغمبر رحمت ﷺ نے امن، محبت اور بھائی چارے کی تعلیم دی۔ اسلام دین امن ہے اور ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے بھی امن، محبت اور تکریم انسانیت کا درس دیا۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی قوم نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ منہاج القرآن کے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا جو ان دنوں یورپ کے دو ماہ کے تنظیمی دورے پر ہیں۔ تقریب میں منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشز کی نمائندگی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول چودھری نے کی، جبکہ وفد میں حاجی محمد اسحق، شیخ آفتاب، ثاقب بھٹی شامل تھے۔ امن، محبت اور بین المذاہب رواداری کا پیغام دینے والی اس تقریب کے میزبان فادر ڈاکٹر وکٹر سویرا سمیت مسیحی رہنماؤں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزاد رسول چودھری نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ اور حضرت عیسی علیہ السلام کی یوم ولادت کی اس تقریب پر منہاج القرآن کی طرف سے فادر ڈاکٹر وکٹر سویرا کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ مسیحی برادری کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کی مبارکباد بھی پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حضرت محمد ﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے، جبکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو پرنس آف پیس کے طور پر جانا جاتا ہے۔ آج دنیا کو بدترین دہشتگردی کا سامنا ہے ضروری ہے کہ مسلمان، مسیحی اور دیگر مذاہب کے رہنما اپنے اپنے مذہب کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر انسانیت کے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں۔ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا وہ فقط انسانیت اور امن کے دشمن ہیں۔ آج اس تاریخی اور خوشی کے موقع پر عہد کرنا ہو گا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور قیام امن کی راہ میں جس قسم ی بھی دہشتگردی ہو اس کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنیں گے۔ دہشتگردی سیاسی، معاشی، ریاستی ہو یاانتظامی ہمیں سب کا متحد ہو کر اور ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے سربراہ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جنہیں دنیا سفیر امن کے نام سے جانتی ہے، انہوں نے ہمیشہ امن، محبت اور بین المذاہب رواداری کی بات کی ہے۔

شہزاد رسول نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دہشتگردی کے خلاف کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ دہشتگردی کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل تاریخی فتویٰ ہر شعبہ ہائے زندگی کے لیے نصاب امن اور بین الاقوامی سطح پر دہشتگرد تنظیموں کے متعلق احادیث نبوی ﷺ کی صورت میں پیشنگوئیوں پر مبنی پیغامات سے اس عالم کو آگاہی دینا اور انسانیت کیلئے امن کا کردار ادا کرنا ہی ڈاکٹر طاہرالقادری کو عالم انسانیت میں امن کا سفیر بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 دسمبر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کا یوم ولادت بھی ہے۔ ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ انکے افکار و نظریات کو بھی مشعل راہ بنائیں تا کہ حقیقی کامیابی اور امن کی طرف سفر شروع ہو سکے۔ فادر وکٹر سویرا کی بین المذاہب رواداری کے فروغ میں کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن ملک میں قیام امن اور بین المذاہب تعلقات کے فروغ میں کردار ادا کرتی رہے گی۔ ملک میں امن کی بحالی کیلئے ہم سب کو مل کر مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی تا کہ طبقاتی جھگڑوں اور نا ہمواریوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں ان تمام سماجی برائیوں کے خاتمے اور آئینی حدود میں تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ملی اور مذہبی فریضہ سمجھتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top