کرسمس 2016ء کی خصوصی تقریب

منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے زیراہتمام کرسمس کے حوالے سے خصوصی تقریب 27 دسمبر 2016ء کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ امریکن قونصلیٹ لاہور کے اکنامک اینڈ پولیٹیکل افیئرز کے ہیڈ مسٹر راب نیوسم تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ناظم اعلی منہاج القرآن و سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے خصوصی شرکت کی۔ فادر جیمز چنن، ریورنڈ شاہد معراج، سردار بشن سنگھ، ڈاکٹر پروفیسر ہرمن، ڈاکٹر منوہر چاند، پنڈت بھگت لال، ڈاکٹر مرقس فدا، علامہ افضل سعیدی، تنویر خان، عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، ناظم ایڈمن جواد حامد اور امیر لاہور حافظ غلام فرید بھی مہمانوں میں شامل تھے۔ تقریب میں ویمن لیگ، یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، اسکے بعد بائبل کی آیات بھی پڑھیں گئیں جبکہ معروف نعت خواں ظہیر بلالی نے نعت پیش کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض عوامی تحریک کے سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد محمود بھٹی نے انجام دئیے، انہوں نے تمام مہمانوں کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں آمد پر خوش آمدید کہا۔

عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل و ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے امریکن قونصلیٹ مسٹر راب نیو سم کو مرکز آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑنے کی تحریک ہے۔ علم، امن اور تحقیق ہمارا مشن ہے اور یہ مشن ہم نے اپنے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات سے لیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنی علمی، تحقیقی کاوشوں سے پوری دنیا پر یہ واضح کیا ہے کہ اسلام کا انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسلام امن، محبت اور رواداری کا دین ہے۔ انہوں نے کرسمس کے حوالے سے مسیحی بھائیوں کو بھی خصوصی مبارکباد دی۔

امریکن قونصلیٹ لاہور کے اکنامک اینڈ پولیٹیکل افیئرز کے ہیڈ مسٹر راب نیوسم نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں کرسمس کی پروقار تقریب کے انعقاد اور تمام مذاہب کے رہنماؤں کے مدعو کرنے پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اسلام کے پر امن تشخص کے فروغ کیلئے پوری دنیا میں اپنا بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مذہبی آزادی کیلئے بین المذاہب مکالمہ ناگزیر ہے۔ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکہ پاکستان میں امن کیلئے کوشاں تمام مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم ایک پر امن، محفوظ، مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ہوں یا مسیحی، ہندو ہوں یا سکھ امن اور محبت کا فروغ ہر مذہب کی بنیادی تعلیمات کا حصہ ہے۔ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تمام مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان پرجوش تعلقات ناگزیر ہیں۔

فادر جیمز چنن نے کہا کہ اسلام دشمنوں کے انسانی حقوق کا بھی احترام کرنے والا مذہب ہے۔ پنڈت بھگت لال نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سب کو جوڑ کے رکھا ہوا ہے، ہم ادارہ منہاج القرآن کی ترقی کیلئے دعا گو ہیں۔ ریورنڈ شاہد معراج نے کہا کہ اللہ کے تمام پیغمبروں نے انسانیت سے پیار کا درس دیا۔ ڈاکٹر منوہر چاند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری دنیا کیلئے رحمت تھے۔ ان پر جتنا حق مسلمانوں کا ہے اتنا ہمارا بھی ہے۔ سردار بشن سنگھ نے کہا کہ تمام مذاہب کے مقدس ایام کے مواقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری اور انکے سکالرز اظہار یکجہتی کیلئے پیش پیش ہوتے ہیں۔ یہ ہم سب کیلےء اطمینان اور فخر کی بات ہے۔

پروگرام میں دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے بین المذاہب ہم اہنگی اور فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ سے بین المذاہب رواداری کو فروغ دینے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے تمام مذاہب اور اقوام یکجا نظر آتی ہے۔ اس روایت کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پروگرام  کے اختتام پر تمام مہمانوں نے کرسمس کا کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر ناظم امور خارجہ جی ایم ملک نے دعا بھی کرائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top