عرفان القرآن کورس کی اختتامی تقریب

تحریک منہاج القرآن کی نظامت تربیت کے زیر اہتمام اساتذہ کے لیے 10 روزہ عرفان القرآن کورس کی اختتامی تقریب 2 جنوری 2017 کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کی۔ تقریب کے مہمانان خصوصی چیئرمین اینٹی کرپشن و نارکوٹکس کمیشن آف پاکستان انیس الرحمن بٹ، عبدالرشید، عبدالوکیل خان، میجر (ر) محمد خان اور ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی تھے۔ ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن تنویر خان، نائب ناظم رانا فیاض، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، جس کے بعد علامہ غلام مرتضیٰ علوی اور پروگرام کے آرگنائزر سعید رضا بغدادی نے قرآنی علوم کی اہمیت اور درس و تدریس کے طریقہ کار اور وضع کر دہ عرفان القرآن کورس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

امیر تحریک فیض الرحمن درانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مطالعہ قرآن علم، تقویٰ اور پاکیزگی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ قرآن کو سیکھنا، سکھانا ایک عبادت ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہدایت اور ویژن کی روشنی میں خاص و عام کے لیے عرفان القرآن کورس کو پاکستان کے ساتھ ساتھ اب دنیا کے چالیس سے زائد ممالک میں پھیلایا جارہا ہے اور آن لائن درس و تدریس کا ایک جدید آئی ٹی نیٹ ورک تشکیل دے دیا گیا ہے۔ اللہ کے کلام کو سمجھ کر پڑھنے سے دل و دماغ کو علمی اعتبار سے وسعت ملتی ہے۔

نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن تنویر خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن قرآنی علوم کی ترویج و اشاعت کے حوالے سے بے مثال دینی خدمت انجام دے رہا ہے جس پر تحریک کے سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور ان کے تربیت یافتہ سکالرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ قرآن کو اس کے صحیح تلفظ، معنی اور مفہوم کے ساتھ پڑھنا اور سمجھنا ہر مسلمان کے لیے فرض ہے۔ ہر کلمہ گو مسلمان کو علم ہونا چاہیے کہ اللہ اپنے بندے سے کیا چاہتا ہے۔ عرفان القرآن کورس کے معلم سعید رضا بغدادی نے کہا کہ تجوید اور قرآت ایک علم اور فن ہے جس کے فہم کے بغیر قرآن پاک کو صحیح معنوں میں پڑھنا اور سمجھنا آسان نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عرفان القرآن کورس انتہائی مختصر مدت میں ان علمی اور فنی تقاضوں کو سہل کرتا ہے اورجدید کورس اور طریقہ تدریس کے ذریعے کوشش کی گئی ہے کہ 10 دن کے اندر عرفان القرآن کورس میں شریک ہونے والے ان بنیادی علوم میں مہارت حاصل کر لیں۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرفان القرآن کورس میں مظفر گڑھ، ملتان، مریدکے کے علاوہ گللگت بلتستان سے بھی خواتین شریک ہوئیں۔

عرفان القرآن کورس مکمل کرنے والے کامیاب معلمات اور معلمین میں معزز مہمانوں نے انعامات تقسیم کیے۔ مرد اساتذہ میں پہلی پوزیشن شہریار خان، دوسری حافظ محمد آصف اور تیسری پوزیشن محمد رمضان نے حاصل کی۔ خواتین اساتذہ میں پہلی پوزیشن شمائلہ اسلم دوسری خدیجہ سجاد اور شیلہ ملک نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آخر میں امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے مہمان خصوصی انیس الرحمن بٹ کو خصوصی شیلڈ دی۔ نائب ناظم و ڈائریکٹر فارن افیئر جی ایم ملک نے پروگرام کی اختتامی دعا کروائی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top