مرکزی سیکرٹریٹ پر عرفان القرآن کورس کا آغاز

تحریک منہاج القرآن کی نظامت تربیت کے زیراہتمام کے مرکزی سیکرٹریٹ پر عرفان القرآن کورس شروع ہو رہا ہے جس کا تعارفی سیشن 16 جنوری 2017ء کو ہوا جبکہ کلاسز کا باقاعدہ آغاز 23 جنوری کو ہوگا۔ افتتاحی تقریب کی صدارت مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سید فرحت حسین شاہ نے کی، راجہ زاہد محمود، علامہ عثمان سیالوی، علامہ محمود شاہ اور مظہرمحمود علوی بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، جس کے بعد عرفان القرآن کورسز کے ڈائریکٹر حافظ سعید رضا بغدادی نے تعارفی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ عرفان القرآن کورسز کا نیٹ ورک ملک بھر اور دنیا بھر میں پھیل چکا ہے تاہم مرکزی سیکرٹریٹ پر ایک طویل عرصہ بعد دوبارہ عرفان القرآن کورس شروع ہو رہا ہے۔ آخری مرتبہ 2007ء میں عرفان القرآن کورس کی سب سے پہلی کلاس کا آغاز بھی مرکزی سیکرٹریٹ سے ہی کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ نیٹ ورک ملک بھر میں پھیلتا چلا گیا۔عرفان القرآن کا بنیادی مقصد تحریک منہاج القرآن کے اہداف خمسہ میں پہلا ہدف ’’تعلق باللہ‘‘ پورا کرنا ہے۔ اس سلسلہ میں عرفان القرآن کورس اور اس کے بعد دروس عرفان القرآن کا نیٹ ورک کامیابی سے چل رہا ہے۔

حافظ سعید رضا بغدادی نے مزید کہا کہ مرکزی سٹاف، اہل محلہ اور گردونواح سے لوگوں کو مدنظر رکھ کر عرفان القرآن کورس کی کلاس مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد کی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے دسمبر 2016ء میں منہاج ٹریننگ اکیڈمی بغداد ٹاون میں عرفان القرآن کورس کے اساتذہ کرام کے لیے عرفان القرآن کورس برائے معلمین کی کلاس کامیابی سے مکمل ہوئی، جس میں درجنوں مرد و خواتین معلمین نے شرکت کی اور اب وہ اپنے اپنے علاقوں میں عرفان القرآن کورس کی کلاس شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عامۃ الناس کو قرآنی علوم اور تجوید و قرات جیسے فن سے آشنا کروانا بظاہر تو بہت مشکل کام لگتا ہے، جس کے لیے دینی مدارس اور دینی تعلیمی اداروں میں سالوں کی محنت درکار ہوتی ہے تاہم منہاج القرآن نے عرفان القرآن اس انداز سے ڈائزین کیا ہے کہ الحمدللہ ہمارا یہ دعویٰ ہے کہ صرف تین ماہ کی کلاس لینے کے بعد طلباء نہ صرف فنی پختگی حاصل کرلیں گے بلکہ وہ تدریس کے بھی قابل ہو جاتے ہیں۔

دریں اثناء مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف، اہل محلہ اور قرب و جوار سے آنے والے شرکاء کلاس نے عرفان القرآن کورس کے لیے اپنی رجسٹریشن بھی کرائی، کلاس کا باقاعدہ آغاز 23 جنوری 2017ء کو ہوگا، 3 ماہ کے اس کورس کی کلاس کا وقت شام 6 سے 7 بجے رکھا گیا ہے۔ خواہشمند افراد کے لیے مزید رجسٹریشن جاری ہے۔ پروگرام کے اختتام علامہ سید فرحت حسین شاہ نے دعا کرائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top