گوجرہ حادثے پر وفاقی وزیر ریلوے مستعفی ہو جائیں: عوامی تحریک
وفاقی وزیر استعفیٰ نہیں دیتے تو چیف جسٹس سوموٹو ایکشن لے کر
انہیں فارغ کریں
ریلوے جانیں لینے والا محکمہ بن گیا، وزراء صرف زبان چلانے میں ماہر ہیں
لاہور(22 جنوری 2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے گوجرہ میں ریلوے پھاٹک پر پیش آنیوالے افسوسناک حادثہ اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس حادثے کا ذمہ دار وفاقی وزیر ریلوے اور محکمہ ریلوے ہے۔ وفاقی وزیر کو پانامہ کی لوٹ مار چھپانے اور وزیر اعظم کا دفاع کرنے سے فرصت نہیں۔ وفاقی وزیر محکمہ چلانے کے قابل نہیں انہیں فی الفور مستعفی ہو جانا چاہیے، اگر وہ استعفیٰ نہیں دیتے تو چیف جسٹس سوموٹو ایکشن لے کر انہیں فارغ کریں۔
محکمہ ریلوے عوام کی جانیں لینے والا محکمہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریلوے کو حادثات پیش آئے جس کا سبب حکمرانوں کی نا اہلی اور ادارہ جاتی کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سینکڑوں پھاٹک ایسے ہیں جہاں پر نہ کوئی حفاظتی رکاوٹ ہے نہ عملہ اور نتیجہ قیمتی جانوں کے ضیاع کی صورت میں نکلتا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق فوری طور پر عہدہ چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق سب سے زیادہ باتونی وزیر ہے جسکی زبان تو بہت چلتی ہے مگر کام میں نالائق اور نکما ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں تین سوسے زائد حادثات پیش آ چکے۔
تبصرہ