عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کا مشترکہ اجلاس

پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کا مشترکہ اجلاس 22 جنوری 2017ء کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے اجلاس کی صدارت کی۔ عوامی تحریک پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات عارف چودھری، عوامی تحریک یوتھ ونگ، اشتیاق حنیف مغل، لاہور کے صدر حاجی فرخ خان قادری، حفیظ اللہ جاوید، حافظ صفدرعلی، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، اصغر ساجداور لاہور کے تمام ٹاؤنوں سے عوامی تحریک و منہاج القرآن کے صدور وناظمین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ جس کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے 27 جنوری کو لاہور میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے انتظامات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ احتجاج کی تیاریوں اور انتظامات کے لیے 10 کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27 جنوری کو مظاہرین نماز جمعہ لاہور ایوان اقبال کے سامنے ادا کریں گے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مظاہرے میں شریک ہزاروں مرد و خواتین بچے اور بزرگ ایک بڑی احتجاجی ریلی کی صورت میں لاہور پریس کلب کی جانب روانہ ہوں گے۔ ریلی لاہور پریس کلب کے سامنے پہنچ کر ایک بڑے احتجاجی جلسے کی صورت اختیار کرے گی، جہاں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ریلی کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔ احتجاجی مظاہرے میں عوامی تحریک کی اتحادی جماعتوں کے قائدین، کارکنان، سماجی، مذہبی رہنما، تاجر، مزدور، وکلاء تنظیموں کے قائدین اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد بھی شرکت کریگی۔

حافظ غلام فرید نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اڑھائی سال ہو گئے ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے بے گناہوں کو انصاف نہیں ملا۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ شائع نہیں ہو سکی۔ ظالم حکمرانوں نے قانون اور آئین کو گھر کی باندی سمجھ رکھا ہے۔ ہم پرامن لوگ ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہماری تربیت امن، محبت اور بھائی چارے کے اصولوں پر کی ہے۔ پرامن کارکنان اور شہریوں کے صبر کی حد کا ایک پیمانہ ہوتا ہے۔ شہداء کے انصاف کیلئے قانون اور عوام کی عدالت میں جنگ لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اور پاناما لیکس نے حکمرانوں کے ظلم اور کرپشن کا پول کھول دیا ہے۔ دہشتگرد حکمران پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ اب استحصالی قوتوں کا ظالمانہ، جاگیردرانہ اور سرمایہ دارانہ کرپشن پر مبنی نظام اس ملک میں مزید نہیں چل سکتا۔

سیکرٹری اطلاعات پنجاب عارف چودھری نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ قاتلوں سے قصاص لے کر رہیں گے۔ انصاف ملنے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ماڈل ٹاؤن کے شہید ہمارا فخر ہیں، جنہیں کبھی نہیں بھلا سکتے۔ اجلاس سے عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بے گناہ کارکنان نے گولیاں کھائیں شہید اور زخمی ہوئے مگر صبر اور امن کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔ 27 جنوری کا احتجاج بھی پرامن ہو گا۔ ہماری35 سالہ جدوجہد پرامن ہے۔ اجلاس سے عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان قادری نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top