ڈاکٹر طاہرالقادری کل لاہور میں عوامی تحریک کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرینگے
ریلی کے انتظامات مکمل، شرکائے احتجاج نماز جمعہ ایوان اقبال کے
سامنے سڑک پر ادا کرینگے
خون قرض اور انقلاب فرض ہے، احتجاجی ریلی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے ہے، رہنما
لاہور (26 جنوری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کل 27 جنوری بروز جمعتہ المبارک ساڑھے 5 بجے شام عوامی تحریک کی طرف سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے ویڈیو لنک پر خطاب کرینگے۔ ریلی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں لاہور تنظیم کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت امیر لاہور منہاج القرآن حافظ غلام فرید اور صدر لاہور عوامی تحریک محمد افضل گجر نے کی۔ حافظ غلام فرید نے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ احتجاجی ریلی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے نکالی جارہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جسٹس باقر علی نجفی کمیشن کی رپورٹ جاری کی جائے اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی ریلی میں لاہور کی تنظیمات کے کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہونگے اور 2 بجے ایوان اقبال پہنچیں گے۔ کارکن نماز جمعہ ایوان اقبال کے سامنے سڑک پر ادا کرینگے۔ ریلی لاہور پریس کلب کے سامنے رکے گی جہاں سربراہ عوامی تحریک خطاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو احتجاجی ریلی میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنما بھی احتجاجی ریلی سے خطاب کرینگے۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ خون قرض اورانقلاب فرض ہے۔ جب تک ایک بھی کارکن زندہ ہے وہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قصاص اور انقلاب کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔
تبصرہ