لندن: ممتاز صحافی اسد کھرل کے اعزاز میں تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کی طرف سے اے آر وائی نیوز کے انویسٹی گیشن ہیڈ اور ممتاز صحافی اسد کھرل کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، یہ تقریب 27 جنوری 2017ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل رامفورڈ روڈ، لندن اسلامک سنٹر میں منعقد ہوئی، جہاں شاہد مرسلین سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے دیگر قائدین نے معزز مہمان کا پروقار استقبال کیا۔ استقبالیہ تقریب کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔

تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے قائدین کی طرف سے اسد کھرل کو خوش آمدید کہا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائدین نے اسد کھرل کی تحقیقاتی صحافت کو بےحد سراہا اور سانحہ ماڈل ٹاون پر ان کے بے باک، جرات مند اور حقائق سے بھرپور تحقیقاتی مؤقف کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی صحافت اور الیکٹرانک میڈیا میں ماڈل ٹاؤن میں قتل و غارت کرنے کی حکمرانوں کی باقاعدہ اور پیشگی منصوبہ بندی اور مذموم عزائم کو جس انداز میں اسد کھرل نے بے نقاب کیا، وہ انہی کا خاصہ ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاون پر اسد کھرل کی حقائق پر مبنی تحقیقاتی رپورٹس اور خبروں کو حکمران طبقہ آج تک جھٹلا نہیں سکا۔

اس موقع پر سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالے سے اسد کھرل کے تہلکہ خیز انکشافات پر مشتمل ڈاکومنٹری رپورٹ بھی پروجیکٹر کے ذریعے شرکاء کو دکھائی گئی، جس میں انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاون بپا کرنے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کیے جانے کے انکشافات کیے تھے۔ تقریب میں موجود تمام لوگوں نے ڈاکومنڑی کو گہری دل چسپی سے دیکھا اور اسد کھرل کی تحقیقاتی صحافت کو بے حد سراہا۔

پروگرام کے بعد اسد کھرل کو منہاج القرآن انٹرنیشنل اسلامک سنٹر رامفورڈ لندن کا وزٹ کرایا گیا، جس میں انہوں نے گہری دل چسپی کا اظہار کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو سراہا۔ یہاں اسد کھرل نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے تنظیمی نیٹ ورک کو دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ وہ ساری دنیا میں اپنا وجود رکھتے ہیں، وہ ایک شخص نہیں بلکہ عالمگیر مشن کا نام طاہرالقادری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالے سے انہوں نے حق اور سچ کو پیش کرتے ہوئے دنیا کو حقائق سے اگاہ کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top