ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

تحریک منہاج القرآن کے گوشہء درود و سلام کا ماہانہ روحانی اجتماع اور مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی۔ جامع المنہاج میں ہونیوالے پروگرام کا باقاعدہ نماز عشاء کے بعد ہوا۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام جی ایم ملک، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ساجد محمود بھٹی، حاجی محمد سلیم شیخ، سجاد العزیز قادری اور دیگر قائدین بھی سٹیج پر موجود تھے۔ قاری اللہ بخش نقشبندی نے تلاوت کلام پاک سے محفل کا آغاز کیا۔ بعد ازاں نعت خوانی کی گئی۔ منہاج نعت کونسل نے اپنے مخصوص انداز میں محفل میں روحانی ذوق پیدا کیا۔ محمد ظہیر بلالی اور ان کے ساتھیوں نے قائد تحریک کے نعتیہ کلام کو اپنے مخصوص انداز میں پڑھا۔ اس کے بعد احمد نواز انجم نے گوشہء درود و سلام کا ایک سال مکمل ہونے پر سالانہ رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال یکم دسمبر 2005ء کو قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر گوشہء درود کا قیام عمل میں آیا۔ اس ایک سال کے عرصہ میں الحمدللہ باقاعدگی سے گوشہء درود میں درود و سلام پڑھا جا رہا ہے۔ ماہ نومبر میں گوشہء درود میں کل 5 کروڑ 17 لاکھ 9 ہزار 7 سو 47 بار درود و سلام پڑھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دنیا بھر سے مرکز پر بھیجا جانیوالے اور گوشہء درود میں پڑھے جانیوالے مجموعی درود پاک کی تعد 39 کروڑ 2 لاکھ 62 ہزار 5 سو 64 ہے۔

شب 10 بجے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی ٹیلی فونک خطاب شروع ہوا جو پون گھنٹہ جاری رہا۔ آپ نے درود و سلام کی اہمیت پر دعا کی قبولیت کے 5 نکات بیان کیے۔ آپ نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری کوئی دعا درود و سلام کے بغیر درجہ قبولیت حاصل نہیں کر سکتی لہذا ہمیں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگارہ میں درود و سلام بھیجنا اپنی زندگی کا معمول بنانا چاہئے۔ آپ نے ہدایت کی کہ تحریک کے وابستگان اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنیوالا ہر شخص سالانہ 10 دن گوشہء درود میں حاضری کے لیے آئے۔

پروگرام کے آخر میں ساجد محمود بھٹی نے اعلان کیا کہ آئندہ ماہانہ مجلس ختم صلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور روحانی اجتماع 11 جنوری 2007ء کو تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گی۔ یہ پروگرام گوشہء درود کا ایک سال مکمل ہونے پر شایان شان انداز میں منعقد کیا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top