خرم نواز گنڈا پور اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان دلچسپ مکالمہ

مورخہ: 04 مارچ 2017ء

بطور اپوزیشن پورے ملک میں پھیلنا ہے یا صرف سندھ کو قابو رکھنا ہے، گنڈا پور کے سوال پر بلاول کا قہقہہ
آپ سے سیکھنا چاہتا ہوں، کبھی ملنے آئیں آصف علی زرداری کا مسکراتے ہوئے جواب
آصف زرداری اور چوہدری شجاعت کو ڈاکٹر طاہر القادری کی دہشتگردی کے متبادل بیانیہ کی کتب بھی دیں

اسلام آباد/ لاہور (4 مارچ 2017 ء) پیپلز پارٹی کی طرف سے اسلام آباد میں بلائی جانیوالی اے پی سی میں پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور سابق صد رآصف علی کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔ خرم نواز گنڈا پور نے سابق صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب جاننا چاہتے ہیں کہ موجودہ سیاسی تناظر میں بطور اپوزیشن پیپلز پارٹی پورے ملک میں پھیلنا چاہتی ہے یا صرف سندھ کو ہی قابو رکھنے کا ارادہ ہے، خرم نواز گنڈا پور کے اس سوال پر اے پی سی میں موجود بلاول بھٹو نے قہقہہ لگایا اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آپ سے سیکھنا چاہتا ہوں ملاقات کیلئے آئیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی ایک بھر پور سیاسی تاریخ ہے اور پیپلز پارٹی کی قیادت کا ملکی سیاست کی نبض پر ہمیشہ ہاتھ رہتا ہے، سیکھنے والی بات سے متفق نہیں ہوں۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور نے دہشتگردی کے متبادل بیانیہ کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری کی کتب کا ایک سیٹ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو دیا اور کہا کہ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فروغ امن، دہشتگردی کے خاتمے اور ہر قسم کے فساد کے رد میں 37 کتب تحریر کیں اور خود کش دھماکے کرنیوالوں انکے سہولت کاروں کو خارج از اسلام اور انسانیت کا دشمن ثابت کیا ہے۔ انہوں نے شرکائے اے پی سی کوبتایا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں فروغ امن کے باقاعدگی سے تربیتی کورسز اور لیکچرز کا سلسلہ بھی جاری ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر منہاج یونیورسٹی پاکستان کی واحد یونیورسٹی ہے جو پی ایچ ڈی کروا رہی ہے جسے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی این او سی جاری کر رکھا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے متبادل بیانیہ کی کتب کا ایک سیٹ ق لیگ کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین کو بھی دیا اور وعدہ کیا کہ اے پی سی میں شریک تمام نمائندگان کو انکے پتہ جات پر یہ کتب فراہم کر دی جائیں گی۔ شرکائے اے پی سی نے ڈاکٹر طاہر القادری کی اس اسلامی، قومی و ملی کاوش کو سراہا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top