منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 23 شادیوں کی پُروقار اجتماعی تقریب

مورخہ: 19 مارچ 2017ء

MWF Minhaj Welfare Foundation couples married collective marriages project

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 23 شادیوں کی پُروقار اجتماعی تقریب 19 مارچ 2017ء کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کے بالمقابل وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ شادیوں کی اس اجتماعی تقریب میں 21 مسلم اور 2 مسیحی جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ مسلم جوڑوں کا نکاح منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز نے پڑھایا جبکہ مسیحی جوڑوں کا نکاح انکے مذہبی رہنماء نے پڑھایا۔ ہر دولہن کو پونے دو لاکھ روپے کا گھریلو سامان کا تحفہ دیا گیا۔ 700 باراتیوں کیلئے کھانے کا اہتمام، دولہوں اور دولہنوں کا روایتی بینڈ باجے سے استقبال کیا گیا۔

تقریب کی صدارت منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل راجہ ناصر عباس، غلام محی الدین دیوان، ڈاکٹرعامر بلوچ، ڈاکٹر زرقا، فردوس جمال، حاجی محمد امین قادری، شفیق قادری، ڈاکٹر عابد عزیز، مفتی عبدالقیوم ہزاروی، ثروت روبینہ مہمان خصوصی تھے۔

شادیوں کی اجتماعی تقریب میں صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، قائم مقام ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد، فیاض وڑائچ، مسز ڈاکٹر حسین محی الدین، ام حبیبہ، زینب ارشد، اقبال ڈوگر، علامہ شاہد لطیف قادری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جواد حامد، پادری سیموئیل نواب، شاہد ملک، ارشد مہر، علامہ میر آصف اکبر، قاری اللہ بخش، رفیق نجم، شہزاد رسول، میاں زاہد اسلام، سہیل احمد رضا، عارف چودھری حافظ غلام فرید، چودھری عرفان یوسف، راجہ ندیم، حفیظ الرحمن خان، چودھری افضل گجرنے شرکت کی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ساجد محمود بھٹی، شاہد اقبال یوسفی، خرم شہزاد نے انجام دئیے۔ دولہوں کا استقبال منہاج القرآن کے رہنماؤں نے کیا جبکہ دولہنوں کا استقبال منہاج ویمن لیگ کی رہنماؤں نے کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سروس بہترین عبادت ہے، اولیائے اللہ انسانیت سے محبت کے باعث آج تک انسانوں کے دلوں میں زندہ ہیں، صوفیائے کرام کی درگاہیں حقیقت میں کمیونٹی سنٹرز تھیں، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی زیر سرپرستی منہاج ویلفیئر کے زیراہتمام اب تک 12 سو سے زائد غریب بچیاں اور بچے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو چکے ہیں، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سیاست اور انقلاب کیلئے جدوجہد انسانی خدمت کا ایک ذریعہ ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ہر سال غریب بچوں اور بچیوں کے سروں پر ہاتھ رکھ کر عظیم انسانی خدمت کررہے ہیں جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’قانون‘‘ کا نکلے یا ’’ن‘‘ کا اب ایک جنازہ نکل جانا چاہیے ورنہ آج نہیں تو کل بہت خون نکلے گا، چوروں، ڈاکوؤں، لٹیروں کے درمیان اتحاد ہو چکا ہے، اوباما کی بیٹی وائٹ ہاؤس سے نکلنے کے بعد اگلے ہی روز ایک ریسٹورنٹ کے کاؤنٹر پر بیٹھ گئی جبکہ ہماری بیٹی گھر بیٹھی 800 کروڑ کے فلیٹس کی مالک ہے، یہ ظالم مسلط رہے تو پھر غریب کا بچہ اور غریب کی بچی بے حال رہے گی۔

مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل راجہ ناصر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ شادی انسان کی زندگی میں انقلابی تبدیلی لے کر آتی ہے، یہ ’’میں‘‘ سے ’’ہم‘‘ کی طرف سفر ہے، غریبوں کیلئے فکر مند ہونا اللہ کو پسند ہے، مجھے خوشی ہے کہ ادارہ منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کو عبادت کا ذریعہ بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جس مقام پر درجنوں خاندان جن میں مسلم اور غیر مسلم بھی شامل ہیں جمع ہیں، اسی طرح پر ان ظالم حکمرانوں نے لاشیں گرائیں اور بے گناہ انسانی خون بہایا، انہوں نے منہاج ویلفیئر کو عظیم انسانی خدمت انجام دینے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر کا جو پاک شجر لگایا ہے اللہ اسے دعا ہے یہ پھلے پھولے اور ترقی کرے۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کررہا ہے، میں جب بھی یہاں آتا ہوں میرے دل کو سکون ملتا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری واحد قومی سیاسی لیڈر ہیں جو تعلیم بھی دے رہے ہیں اور غریب بچوں اور بچیوں کے سروں پر ہاتھ بھی رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں بہت ظلم ہورہا ہے اور ظلم کرنے والے کوئی اور نہیں موجودہ حکمران ہیں، آج جیلیں بھری پڑی ہیں صرف اس لیے کہ جیلوں میں جانے والے غریب ہیں امیر اور دولت والے جرم کے باوجود اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔

شادیوں کی اجتماعی تقریب کی جھلکیاں

  • 23 مسلم و غیر مسلم جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے
  • دولہوں اور دلہنوں کی طرف سے 700 باراتی شریک ہوئے
  • باراتیوں کی تواضع بریانی اور ٹھنڈے مشروبات سے کی گئی
  • مجھے شادیوں کی تقریب میں کیوں بلایا، شیخ رشید کا چٹکلا
  • ہر دولہن کو پونے دو لاکھ روپے کا گھریلو سامان بطور تحفہ دیا گیا
  • ڈاکٹر حسین محی الدین نے دولہوں کا گھڑیوں کے تحائف دئیے
  • دولہوں کا استقبال روایتی بینڈ باجے کے ساتھ عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے رہنماؤں نے کیا
  • دولہنوں اور ان کے عزیز و اقارب کا استقبال منہاج ویمن لیگ کی طرف سے کیا گیا
  • شادیوں کی اجتماعی تقریب میں راجہ ناصر عباس، سینئر آرٹسٹ فردوس جمال خصوصی طور پر شریک ہوئے
  • دولہنوں کے عزیز و اقارب کی باوقار شادی کے انتظامات پر ڈاکٹر طاہرالقادری کو دعائیں
  • مسلم جوڑوں کا نکاح منہاج علماء کونسل کے سکالرز نے پڑھایا
  • شادی ہال کو برقی قمقموں اور تازہ پھولوں سے سجایا گیا تھا

MWF Minhaj Welfare Foundation couples married collective marriages project

MWF Minhaj Welfare Foundation couples married collective marriages project

MWF Minhaj Welfare Foundation couples married collective marriages project

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top