ماہ رجب میں اللہ تعالیٰ نے امت رسول ﷺ کو نماز کا تحفہ عطا کیا : فیض الرحمن درانی

مورخہ: 31 مارچ 2017ء

رجب چار مہینوں میں سے ایک ہے جن کو قرآن کریم نے محترم کہا، جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کی ماہانہ محفل کل مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گی

لاہور (31 مارچ 2017) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ رجب ان چار مہینوں میں سے ایک ہے جن کو قرآن کریم نے محترم کہا ہے اور بہت سی احادیث اس ماہ کی فضیلت میں آئی ہیں۔ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ رجب اللہ کا مہینہ ہے اور شعبان میرا مہینہ ہے جبکہ رمضان المبارک میری رحمت کا ماہ مقدس ہے۔ ماہ رجب جسم کو، شعبان المعظم دل کو اور رمضان المبارک روح کو پاک کرتا ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حدیث پاک میں رجب کی فضیلت باقی مہینوں پر ایسے ہے جیسے حضور ﷺ کی فضیلت دوسرے انبیاء کرام پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ حضرت علی المرتضیٰ سے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا جس نے 27 ویں رجب کو روزہ رکھا تو اللہ اسکو ایک ہزار سال کے روزوں کے برابر ثواب عطا کرے گا یہی وہ مقدس دن ہے جب پہلی بار سرکار مدینہ ﷺ پر وحی نازل ہوئی اور اسی سال اس رات کو حضور اکرم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے معراج کرائی، اپنا دیدار کرایا اور نماز کا تحفہ امت رسول ﷺ کو عطا کیا۔

دریں اثناء مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کی ماہانہ محفل کل مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گی۔ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام نامور مشائخ عظام، علماء، نعت خوان اور قرآء حضرات شرکت کریں گے۔ صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین خصوصی خطاب کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top