اتحاد، برداشت اور رواداری اسلامی معاشرے کے اہم ستون ہیں : ڈاکٹر حسین محی الدین

صدر منہاج القرآن کا ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ سے خطاب، مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی

لاہور (02 مارچ 2017) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کی ماہانہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارہ کے فروغ کا دین ہے۔ نبی آخر الزمان ﷺ نے معاشرتی، سیاسی، سماجی اقدار کے فروغ کیلئے رہنماء اصول متعین کئے۔ انہوں نے کہاکہ انصاف کا قیام، اتحاد، برداشت اور رواداری اسلامی معاشرے کے اہم ستون ہیں۔ جب انصاف نا پید ہوتا ہے تو پھر انتہا پسندی، دہشتگردی سمیت ہر جرم کی پیدائش ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کو انسانی جان سے سب سے زیادہ پیار ہے اور آج انسانی خون سب سے زیادہ ارزاں ہے۔ بے گناہوں کے خون کی ارزانی اللہ کی ناراضگی کا ایک بڑا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ وسیع پیمانے پر انسانی جانوں کا خون بہانے والے بھی کیفر کردار تک نہیں پہنچ پاتے، جس کی وجہ سے معاشرے میں بے یقینی اور بے چینی بڑھ رہی ہے، اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، جی ایم ملک، سید مشرف علی شاہ، جواد حامد، حافظ غلام فرید بھی شریک تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بے گناہ انسانی خون بہانے والے دہشتگردوں کو مذاکرات کے نام پر مہلت دینا انسانی حقوق کی آڑ میں کوئی ریلیف دینا یا ان کے مکمل خاتمے کے بغیر چھوڑ دینا اسلامی ریاست کیلئے روا نہیں اور یہ فرامین رسول ﷺ کے خلاف ہے، سوائے اس کے کہ گمراہ عناصر ہتھیار پھینک کر اپنے غلط عقائد و نظریات سے مکمل توبہ کر کے اپنی اصلاح کر لیں کسی کے خارجی، منکر قرآن و حدیث اور انسانیت کے دشمن ہونے کی بڑی اور ناقابل تردید دلیل اس کا بے گناہ انسانی خون بہانا ہے۔ بے گناہ انسانی خون بہانے کا کوئی قرآنی، سلامی جواز موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے انسداد دہشتگردی کا متبادل بیانیہ دے کر پاکستان اور عالم اسلام کی بے مثال خدمت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top