فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کی ایگزیکٹوکونسل کااجلاس
تحریک منہاج القرآن ضلع فیصل آباد کی ایگزیکٹوکونسل کا اجلاس 02 اپریل 2017 کو سٹی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی ناظم رانا رب نواز انجم نے کی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں مکمل انصاف کیلئے جسٹس باقر نجفی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے۔ اجلاس میں اللہ رکھا نعیم، رانا غضنفر علی، حافظ محمودالحسن، خالد رفیق ایڈووکیٹ، غلام محمد قادری، میاں امجد قادری سمیت پی پی حلقہ جات کے عہدیداران موجود تھے۔ رانا رب نواز انجم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آبادکے کارکنان ممبر سازی مہم، یونین کونسل سطح سے نیچے وارڈ تک تنظیم سازی مکمل کریں۔ عوامی رابطہ مہم اور ممبر سازی مہم میں تیزی لائیں۔ نئے ممبر بنانے کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ کیونکہ ملک میں حقیقی تبدیلی کا دروازہ اسی سے کھلے گا۔ جب بھی قائد انقلاب کال دیں گے تو دنیا دیکھے گی کس طرح شہر فیصل آباد سے عوام کے قافلے نکلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو تحفظ دینے والا نظام ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں ریاستی دہشتگردی کر کے بےگناہ مرد و خواتین کو شہید و شدید زخمی کرنے والے کبھی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ شہیدوں کا قصاص لیا جائیگا، قاتلوں اور لٹیروں کی منزل پھانسی کا پھندا اور جیل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کارکن حوصلے بلند رکھیں حکمران 98 فیصد عوام کے بنیادی حقوق پر قابض ہیں۔ قائداعظم کے پاکستان کو جلد لٹیروں سے چھڑا لیں گے۔ ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں، ہر جگہ لاقانونیت اور لوٹ کھسوٹ کا راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آبادکے غیور کارکنوں نے قائدانقلاب کی کال پر ہمیشہ لبیک کہتے ہوئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ 17 جون کو کارکنوں نے جرأت اور بہادری کے ساتھ حکمرانوں کے ظلم و جبر کا مقابلہ کر کے قربانیوں، شہادتوں کی تاریخ رقم کی اور اپنے قائد سے والہانہ محبت کا ثبوت دیا۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی جدوجہد مجبور اور پسی ہوئی عوام کے حقوق کی بحالی ہے، ہماری سیاست 20 کروڑ عوام کے مایوس چہروں پر مسکراہٹیں لانا ہے۔
تبصرہ