پاکستان کا بین الاقوامی تشخص کھیلوں کے ذریعے ہی بحال کرنا ہو گا : لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیاء

موجودہ حکمران ملک کے دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں کی تباہی کے بھی ذمہ دار ہیں: خرم نواز گنڈا پور
منہاج یونیورسٹی میں سپورٹس میلے کا انعقاد ڈاکٹر طاہرالقادری کی تعلیم اور کھیلوں سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے: خرم جہانگیر وٹو
منہاج یونیورسٹی کے زیر اہتمام 5 روزہ سالانہ’’ کھیل برائے امن‘‘ سپورٹس مقابلے اختتام پذیر ہو گئے

لاہور (7 اپریل 2017) منہاج یونیورسٹی کے زیر اہتمام 5 روزہ سالانہ ’’کھیل برائے امن‘‘ سپورٹس مقابلے اختتام پذیر ہو گئے، فائنل مقابلوں کے مہمان خصوصی سابق چیئرمین پی سی بی لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیاء نے کھیلوں کے شاندار مقابلوں کے انعقاد پر وائس چیئرمین MUL ڈاکٹر حسین محی الدین اور وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو خرا ج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کا معیار اور وقار واپس لانے میں یونیورسٹیاں مرکزی کردار کی حامل ہیں۔ ہمیں پڑھی لکھی یوتھ کھیل کے میدانوں میں درکار ہے۔ پاکستان کا بین الاقوامی تشخص کھیلوں کے ذریعے ہی بحال کرنا ہو گا۔ منہاج یونیورسٹی آمد پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، ڈاکٹر اسلم غوری، خرم جہانگیر وٹو، کرنل (ر) محمد مبشر، کرنل (ر) محمد احمد، ڈائریکٹر سپورٹس اقبال مرتضیٰ، شہزاد رسول، عبدالحفیظ چوہدری اور مختلف ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے انکا استقبال کیا۔ 5 روزہ کھیلوں کے مقابلوں میں عدیل الرحمان، عدنان علی، محمد اسحاق، یاسر ایوب، دوم شفیق احمد، سوم عمیر عادل، حیدر علی، طاہر ادیب نے اول، دوم سوم پوزیشنیں حاصل کیں۔

لیفٹیننٹ جنرل توقیر ضیاء نے کہا کہ ہمیں اچھی ساکھ والے سپورٹس مین چاہئیں، انہوں نے میچ فکسنگ کی تحقیقات کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ پہلے میچ فکس ہوتے تھے جن میں پانچ، چھ کھلاڑی ملوث ہوتے تھے، ان پر نظر رکھنا اور گرفت میں لانا آسان ہوتا تھا، سپاٹ فکسنگ میں گرفت میں لانا مشکل ہوتا ہے تاہم میں انکوائری ٹیم کا ممبر ہوں ثبوتوں کی روشنی میں ہی فیصلے ہونگے، میری ذاتی خواہش ہوتی ہے کہ فیصلہ جتنی جلد ممکن ہو ہو جائے فیصلوں کو لٹکانہ نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کے طلبہ کی کھیلوں میں دلچسپی نے میرا دل جیت لیا، یونیورسٹی نے کھلاڑیوں کو وہ موقع فراہم کیا ہے جس سے فائدہ اٹھا کر ہم نوجوان انٹرنیشنل معیار کو چھو سکتے ہیں۔

اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن کے مطابق تعلیم کے ساتھ کھیلوں کا بھی فروغ چاہتے ہیں۔ موجودہ حکمران ملک کے دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں کی تباہی کے بھی ذمہ دار ہیں۔ ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مصلحت سے بالاتر ہو کر بڑے فیصلوں اور اقدامات کی ضرورت ہے۔ نوجوان کھلاڑی سپاٹ فکسنگ کی لعنت سے خود کو محفوظ رکھیں، انہوں نے کہا کہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ یہاں ٹیلنٹ تلاش کرنے کا نظام نہیں ہے۔ کھیلوں کے ایسی تقریبات کا انعقاد قیام امن میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ کھیلوں سے دوستی، محبت اوربرداشت کے جذبات پروان چڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اچھائی اور برائی کے تعین سے معاشرہ بہتری کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ تعلیم اور کھیل دونوں معاشرے کی تعمیر و ترقی کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔

ایم پی اے خرم جہانگیر وٹو نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی میں سپورٹس فیسٹول کا انعقاد کھیلوں کے فروغ کیلئے شاندار کاوش ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کی مختلف کھیلوں میں شاندار پرفارمنس دیکھ کر دلی خوشی ہوئی۔ منہاج یونیورسٹی میں سپورٹس میلے کا انعقاد ڈاکٹر طاہرالقادری کی تعلیم اور کھیلوں سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top