گلوبٹ کی رہائی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر
ڈاکٹر توقیر شاہ، ڈی آئی جی رانا عبد الجبار و دیگر افسران کو وطن واپس بلانے کیلئے رٹ کی سماعت کل ہو گی
لاہور (11 اپریل 2017) سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کے حوالے سے 12 اپریل کو انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں سماعت ہو گی۔ عوامی تحریک کے وکلاء طلب کئے جانے کے باوجود حاضر نہ ہونے والے پولیس افسران کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کریں گے۔ عوامی تحریک کے رہنماء اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے گلو بٹ کی رہائی کے حوالے سے ڈویثرن بنچ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں رٹ دائر کر دی ہے۔ اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ فائل کی تھی جسے چیف جسٹس منصور علی شاہ نے منظور کرلیا ہے، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے رٹ میں کہا کہ حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث ڈاکٹر توقیر شاہ، ڈی آئی جی رانا عبد الجبار، ایس پی عبد الرحیم شیرازی، ایس پی عمر سرفراز چیمہ اور ایس پی عثمان کو سرکاری خرچے پر بیرون ملک بھجوا دیا تا کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں ٹرائل نہ ہو سکیں انہیں واپس بلانے کا حکم دیا جائے، اسی درخواست میں اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایس پی طارق عزیز اور ایس پی معروف صفدر واہلہ کو آؤٹ آف ٹرن ایس ایس پی کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ترقی کی وجہ حکومت کی مرضی کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن آپریشن میں حصہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا یہ فیصلہ واپس لیا جائے۔ اس رٹ پٹیشن کی مورخہ 12 اپریل کو جسٹس قاسم علی خان سماعت کریں گے۔
تبصرہ