قرآنی علوم کے فروغ کیلئے منہاج القرآن ویمن لیگ کے ’’الھدایہ پروجیکٹ‘‘ کا آغاز

شدت پسندی کی بڑی وجہ قرآنی تعلیمات سے دوری ہے : تقریب سے خواتین کا خطاب
افتتاحی تقریب سے مسز ڈاکٹر حسین محی الدین، ڈاکٹر ثمر فاطمہ، فرح ناز، سعدیہ سہیل، ڈاکٹر عالیہ تارڑ و دیگر کا خطاب

لاہور (11 اپریل 2017) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام خواتین میں قرآنی علوم کے فروغ کیلئے پہلے ’’الھدایہ پروجیکٹ‘‘ کا آغاز کر دیا گیا۔ اس ضمن میں ڈیفنس لاہور میں ریجنل آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مسز ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ شدت پسندی کی بڑی وجہ قرآنی تعلیمات سے دوری ہے۔ پر امن معاشرے کی تشکیل اور اسلامی روایات و اقدار کے فروغ کیلئے خواتین کی دینی تعلیم و تربیت پر توجہ مرکوز کرنا عصر حاضر کی ناگزیر ضرورت ہے اس تقاضے کو پورا کرنے کیلئے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر خواتین کی دینی تعلیم و تربیت کیلئے جدید خطوط پر استوار ’’الھدایہ پروجیکٹ ‘‘ کا آغاز کیا گیا ہے۔ خصوصی کیمپس، لیکچر زاور تربیتی سیشنز کے ذریعے زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والی خواتین کو انکی سہولت کے مطابق قرآنی علوم سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

تقریب سے ڈاکٹر ثمر فاطمہ، مرکزی صدر فرح ناز، رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، ڈاکٹر عالیہ تارڑ، محترمہ نزہت سروت گوہر، راشدہ اصغر ڈولہ، نادیہ باقر جاوا، مسرت شاہین، ڈاکٹر ثمرین، نورین، صائمہ زاہد، شاہدہ مغل، ثوبیہ جاوید، افنان بابر، زینب ارشد، کلثوم طفیل نے خطاب کیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز خواتین کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔

مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویثرن اور تعلیمات کی روشنی میں خواتین کو قرآن پاک کی تعلیمات سے بہرہ ور کرنے کیلئے خواتین سکالرز پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو اس مقدس دینی فریضے کو انجام دے گی۔ رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ’’الھدایہ پروجیکٹ‘‘ شروع کرنے پر منہاج القرآن ویمن لیگ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اصل خدمت اور عبادت دین کا علم سیکھنا اور سکھانا ہے، شاندار منصوبہ شروع کرنے پر ڈاکٹر طاہرالقادری اور انکا ادارہ منہاج القرآن لائق تعریف ہے۔ ڈاکٹر عالیہ تارڑ نے کہا کہ الھدایہ ٹیم پاکستانی معاشرے اور آنے والی نسلوں کی فلاح کیلئے میدان عمل میں نکلی ہے، ہم انکی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں، نیکی اور فلاح کے اس کام میں ہمارا بھر پور تعاون اس ٹیم کے ساتھ ہو گا۔ بچیوں کو با مقصد تعلیم دینا آج کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top