معجزہ کسی مادی تعبیر و تفہیم یا توجیہہ و توثیق کا محتاج نہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

انبیائے کرام کے دست حق پر اللہ کی قدرت سے رونما ہونے والے ماورائے عقل واقعہ کو معجزہ کہتے ہیں
تاجدار کائنات ﷺ کی زبان سے نکلنے والا ہر حرف، حرفِ آخر اور ایمان کا بنیادی جزو ہے، خطاب

لاہور (24 اپریل 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انبیائے کرام کے دست حق پر اللہ کی قدرت سے رونما ہونے والے ماورائے عقل واقعہ کو معجزہ کہتے ہیں۔ واقعہ معراج کی برکات سے مستفید ہونے کیلئے پختہ ایمان، ایقان اور وجدان کی ضرورت ہے، آقائے دو جہاں ﷺ کی زبان اقدس سے نکلا ہوا ہر حرف، حرفِ آخر اور ایمان کا بنیادی جزو ہے، نماز پنجگانہ معجزہ معراج کا تحفہ ہے۔ انہوں نے واقعہ معراج کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ لوگ جو معجزات کے رد و قبول کا معیار، سوچ، عقل اور تجربہ کو قرار دیتے ہیں نہ صرف وہ ایک بڑے اعتقادی مغالطے کا شکار ہو جاتے ہیں بلکہ علم کے تکبر میں بھی مبتلا ہو جاتے ہیں، معجزہ کسی مادی تعبیر و تفہیم یا توجیہہ توثیق کا محتاج نہیں ہے۔

منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ کے موقع پر ایک عظیم الشان روحانی اجتماع منعقد ہوا جس میں تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی، خواتین کی ایک بڑی تعداد نے ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ میں شرکت کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قرآن پاک کی ہر آیت معجزہ ہے، قرآن بذات خود حضور نبی اکرم ﷺ کا دائمی معجزہ ہے اور ذات نبیﷺ ذات حق کی مضبوط کامل اور واضح دلیل ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ نے کفار و مشرکین کو کھلا چیلنج دیا کہ تم قرآن پاک جیسی کوئی ایک آیت لا کر دکھاؤ یہ چیلنج اس بات کی کھلی دلیل ہے کہ ہر آیت معجزہ ہے اور یہ انسان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے، انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں لفظ آیت مبصرہ، بینہ، برہان معجزہ کے معنی میں استعمال ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کائناتی انکشافات معجزہ معراج کی گواہی دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معجزے پیغمبرانہ جلال کے آئینہ دار، عطائے رب جلیل اور قدرت الیہہ کا اظہار ہوتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top