معراج النبی ﷺ کانفرنس و ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ

معراج النبی کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر شبِ معراج 24 اپریل 2017ء کو ’معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس‘ اور ’ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘ کا انعقاد ہوا۔ روحانی محفل میں تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، ڈائریکٹر جنرل خانہء فرہنگ ایران آغا مہدی ربانی، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل خانہء فرہنگ ایران آغا احمد مرجانی نژاد، نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری، نائب ناظم اعلیٰ سید فرحت حسین شاہ، ڈائریکٹر اجتماعات جواد حامد، امیر تحریک لاہور حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل سمیت دیگر رہنما، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی، خواتین کی ایک بڑی تعداد نے محفل میں شرکت کی۔ محفل کا اہتمام منہاج القرآن علماء کونسل نے کیا تھا۔

محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرنے سے ہوا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ’’واقعہ معراج‘‘ کے موضوع پر خطاب میں کہا کہ انبیائے کرام کے دست حق پر اللہ کی قدرت سے رونما ہونے والے ماورائے عقل واقعہ کو معجزہ کہتے ہیں۔ واقعہ معراج کی برکات سے مستفید ہونے کیلئے پختہ ایمان، ایقان اور وجدان کی ضرورت ہے، آقائے دو جہاں ﷺ کی زبان اقدس سے نکلا ہوا ہر حرف، حرفِ آخر اور ایمان کا بنیادی جزو ہے، نماز پنجگانہ معجزہ معراج کا تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو معجزات کے رد و قبول کا معیار، سوچ، عقل اور تجربہ کو قرار دیتے ہیں نہ صرف وہ ایک بڑے اعتقادی مغالطے کا شکار ہو جاتے ہیں بلکہ علم کے تکبر میں بھی مبتلا ہو جاتے ہیں، معجزہ کسی مادی تعبیر و تفہیم یا توجیہہ توثیق کا محتاج نہیں ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قرآن پاک کی ہر آیت معجزہ ہے، قرآن بذات خود حضور نبی اکرم ﷺ کا دائمی معجزہ ہے اور ذات نبیﷺ ذات حق کی مضبوط کامل اور واضح دلیل ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ نے کفار و مشرکین کو کھلا چیلنج دیا کہ تم قرآن پاک جیسی کوئی ایک آیت لا کر دکھاؤ یہ چیلنج اس بات کی کھلی دلیل ہے کہ ہر آیت معجزہ ہے اور یہ انسان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے، انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں لفظ آیت مبصرہ، بینہ، برہان معجزہ کے معنی میں استعمال ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کائناتی انکشافات معجزہ معراج کی گواہی دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معجزے پیغمبرانہ جلال کے آئینہ دار، عطائے رب جلیل اور قدرت الیہہ کا اظہار ہوتے ہیں۔

کانفرنس سے نائب ناظم اعلیٰ سید فرحت حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔

محفل کا اختتام حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درود و سلام کے نذرانوں اور ملک و ملت کی سلامتی و ترقی کی دعاؤں سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top