جنوبی افریقہ: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا فری سٹیٹ میں معراج النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب
Dr. Hassan | Miraj-un-Nabi (PBUH) Conference | South Africa pic.twitter.com/hpsdOHNLmt
— Dr. Hassan Qadri (@DrHassanQadri) April 22, 2017
منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی افریقہ نے 20 اپریل 2017 کو ویلکم سٹی ھال فری اسٹیٹ میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس سے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کیا۔
کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت علامہ قاری مصدق حسین نے حاصل کی۔ منہاج القرآن نعت کونسل کے محمد ارسل اعوان نے بارگاہِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نعت کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل فری سٹیٹ کے امیر علامہ قاری عبدالرؤف نعیمی نے نقابت کے فرائض انجام دیے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل جوہانسبرگ کے امیر علامہ قاری شوکت علی مصطفوی نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و تجدیدی، فکری و اعتقادی اور سیاسی و انقلابی خدمات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل بیتلحم کے صدر علی احمد تارڑ اور پاکستان عوامی تحریک کے صدر بشارت علی انجم نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ انہوں نے کانفرنس میں شرکت پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، نائب امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ صادق قریشی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے راہنما ڈاکٹر یعقوب واحد اور بزنس کمیونٹی کے نمائندہ ڈاکٹر محمد بلال سمیت تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفرِ معراج سارے کا سارا سفرِ محبت ہے۔ رات محبوبوں کی ملاقات کے لئے خاص ہوتی ہے، جب دنیا سو جاتی تو محب اور محبوب مل بیٹھ کر راز و نیاز کرتے ہیں۔ شب معراج اللہ رب العزت اپنے محبوب کی دلجوئی کے لیے تنہائی اور رات کے سناٹے میں ہم کلام ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کو یہ شرف حاصل ہے کہ اس کی نسبت مکینِ گنبد خضریٰ کے ساتھ ہے۔ ہمیں اس نسب پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شانِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ ہے کہ شبِ معراج کائنات کی ہر چیز آپ کے نعلین پاک سے بھی نیچے رہ گئی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام غلامئ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں رہنا ہے۔ غلامئ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہی ساری عزتیں پنہاں ہیں۔
کانفرنس سے علامہ صادق قریشی نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کے لیے ہال کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ ھال میں مقامی و غیرملکی میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔
تبصرہ