جنوبی افریقہ: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا مسجد القدس کیپ ٹاون میں خطاب

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے 21 اپریل 2017 کو کیپ ٹاؤن کی مرکزی مسجد ’القدس‘ میں ’جہاد کی حقیقت‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ سامعین میں مسجد القدس کے ٹرسٹیز، منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی افریقہ کے عہدیداران و کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ جہاد کے معنی کوشش کرنے کے ہیں۔ جہاد بالنفس کو جہاد اکبر کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار اُمتِ مسلمہ ہے، اسی لیے ہمارا فرض ہے کہ دہشت گردی کے خلاف علمی و فکری محاذ قائم کریں۔ دہشتگردوں اور خودکش حملوں کے ذریعے بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے خدا کے دشمن ہیں، ان کا دین سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر نماز میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ اے باری تعالیٰ ہمیں سیدھے راستے پر چلا، یہ سیدھا راستہ کونسا ہے؟ امام جعفر صادق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ذاتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو صراطِ مستقیم قرار دیا ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اسوہ حسنہ پر عمل کرنے، نفسانی خواہشات کو قابو میں رکھنے اور کردار کو سنوارنے میں ہی کامیابی ہے اور یہی حقیقی جہاد ہے۔ جو شخص اللہ کے دین کے لیے جدوجہد کرتا ہے اللہ پاک اس کیلئے کامیابیوں کے دروازے کھول دیتا ہے۔ مولانا ہارون الازہری نے بھی اجتماع سے خطاب کیا اور فروغِ امن کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل اور شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ایک عظیم تحریک کے قائد ہیں، جو شیخ الاسلام کے نقش قدم پر احیائے دین کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top