مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا ’’حقوق طلباء مارچ‘‘ کا اعلان
طلباء تنظیمات شریک ہونگی، تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کے 5 فیصد تک بڑھانے کا مطالبہ کیا جائیگا
موجودہ حکمرانوں کے عہد اقتدار میں تعلیمی اداروں میں غنڈہ گردی کے کلچر نے فروغ پایا: عرفان یوسف
ملک کو درپیش مسائل اور جرائم کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں: ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب
لاہور (04 مئی 2017) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کہا ہے کہ اساتذہ کو عزت دیئے بغیر تعلیمی ترقی کا کوئی ہدف حاصل نہیں ہوسکے گا، تعلیم کے فروغ کے لیے تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کے 5فیصد تک بڑھایا جائے، تعلیمی اداروں سے قبضہ گروپوں کے خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا، انہوں نے اعلان کیا کہ رواں ماہ کے آخری ہفتے میں حقوق طلباء مارچ کیا جائے گا جس میں تمام طلباء تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ سینٹرل پنجاب اور MSM لاہور کے زیر اہتمام ’’تعلیم سب کے لیے‘‘کے عنوان سے منعقدہ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر جنرل سیکرٹری MSM رانا تجمل حسین، صدر سینٹرل پنجاب میاں انصر محمود، صدر لاہور یونس نوشاہی اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
عرفان یوسف نے کہا کہ جہالت اور تعلیمی اداروں سے انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے تمام جماعتوں کے طلبا ء سڑکوں پر لائیں گے، تمام طلباء تنظیموں کو اکٹھا کر کے تعلیمی بجٹ میں اضافے کا مطالبہ کریں گے، اور اگر مطالبات پر عمل نہ ہوا تو احتجاجی لائحہ عمل اختیار کریں گے، عرفان یوسف نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ تعلیم میں انقلاب لانے کے لیے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے عہد اقتدار میں تعلیمی اداروں میں غنڈہ گردی کے کلچرنے فروغ پایا، دیگر صوبوں کے طلباء کے عزت نفس کو مجروح کرکے وفاق پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، مشال کے قتل نے پاکستان کے اعلی تعلیمی اداروں کے تشخص کے ساتھ ساتھ اسلام اور پاکستان کو نقصان پہنچایا، انہوں نے کہا کہ ان سب مسائل اور جرائم کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں جو اپنی سیاست کے لیے تعلیمی اداروں کے تعلیمی اور انتظامی ماحول کو خراب کر رہے ہیں۔
تبصرہ